صوبوں سے عدم مشاورت کے باعث ملک میں جنرل سیلز ٹیکس کے 3 ریٹ نافذ

وفاقی حکومت نے جی ایس ٹی17 فیصد مقرر کیا، پنجاب میں16فیصد جبکہ سندھ نے مزید ایک فیصد کمی کرکے اسے 15فیصد کردیا

ملک میں جنرل سیلز ٹیکس کی 3 شرح کے نفاذ سے جہاں ٹیکس دہندگان میں ابہام پیدا ہوتا ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وفاقی حکومت کی طرف سے بجٹ سازی کے لیے صوبوں سے مشاورت نہ کرنے کے باعث ملک میں یکساں شرح کے بجائے جنرل سیلز ٹیکس کے 3 ریٹ نافذ العمل ہیں۔


ذرائع نے بتایا کہ صوبوں کی طرف سے وفاق سے شکوہ بھی کیا گیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ وفاق بجٹ سازی کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مشاورت کرے گا تاکہ ملک میں ٹیکسوں کی شرح میں اگر ردو بدل کرنا ہے تو وہ مشاورت سے کیا جائے تاکہ ملک بھر میں ٹیکس ریٹ کی یکساں شرح نافذالعمل ہو مگر ایسا نہیں ہوسکا جس کے باعث اس وقت وفاقی حکومت کی طرف سے عائد کردہ سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ پنجاب میں جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 16فیصد عائد ہے اور سندھ نے جنرل سیلز ٹیکس کی شرح میں مزید1فیصد کمی کرکے اسے 15فیصد کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں جنرل سیلز ٹیکس کی 3 شرح کے نفاذ سے جہاں ٹیکس دہندگان کے لیے کنفیوژن ہوتا ہے وہیں وفاق اور صوبوں کے درمیان ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر معاملات میں بھی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبوں نے اس معاملے پر وزیراعظم سے مداخلت کی درخواست کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس میں وزیراعظم کو درخواست کی جائے گی کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ٹیکسوں میں پائی جانے والی تفریق کو ختم کرنے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔
Load Next Story