جامعہ کراچی سماجیات کے ٹیسٹ میں کرمنالوجی کے سوال شامل تمام امیدوار ناکام

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رئیس کلیہ فنون کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

سوالات متعلقہ نہ ہونے کی صورت میں داخلہ ٹیسٹ دوبارہ ہوسکتا ہے،۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

جامعہ کراچی کی جانب سے لیے گئے ایم فل، پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں شعبہ سماجیات کے تمام امیدوار ناکام ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی کے تحت منعقدہ شعبہ سماجیات (سوشیالوجی) کے ایم فل، پی ایچ ڈی سطح کے داخلہ ٹیسٹ میں تمام امیدواروں کے ناکام ہونے کی وجہ پرچے میں سماجیات (سوشیالوجی) کے بجائے جرمیات (کرمنالوجی) کے سوال شامل کیا جانا بتایا جاتا ہے اس انکشاف کے بعد جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رئیس کلیہ فنون کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو معاملے کی چھان بین اور سوالیہ پرچے کی جانچ پڑتال کرکے اپنی رپورٹ یونیورسٹی انتظامیہ کوپیش کرے گی۔


اس رپورٹ کی روشنی میں یونیورسٹی انتظامیہ پرچہ دوبارہ لینے یاموجودہ نتائج برقرار رکھنے کا فیصلہ کرے گی، پرچے کے سوالات مضمون سے متعلق نہ ہونے کی صورت میں شعبہ سماجیات میں ایم فل؍پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد متوقع ہے، تحقیقاتی کمیٹی میں رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹرمونس احمر، پاکستان اسٹڈی سینٹرکے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرجعفراحمد اورشعبہ معاشیات کے چیئرمین ڈاکٹروحید کوشامل کیاگیا ہے۔

جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ فنون پروفیسرڈاکٹرمونس احمرنے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تشکیل شدہ کمیٹی آج صبح شعبہ سماجیات میں داخلہ ٹیسٹ کیلیے بنائے گئے پرچے کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ انتظامیہ کو دے گی، جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں میں ایم فل؍پی ایچ ڈی کے داخلوں کے لیے داخلہ ٹیسٹ اتوارکو منعقد ہوئے تھے ٹیسٹ میں مجموعی طورپر2300 امیدوار شریک ہوئے تھے، داخلہ ٹیسٹ کے نتائج کا اجرا آج متوقع ہے۔
Load Next Story