معاشرے کو منفی رویوں سے پاک کرنا ہر فردکی ذمے داری ہے

تعلیم کا مقصد ایسی افرادی قوت مہیا کرنا ہے جو مسائل کا وسائل میں رہتے ہوئے مقابلہ کرسکے

محمد علی جناح یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے پیرمظہرالحق، ڈاکٹر وہاب ودیگرکا خطاب ۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیرِ تعلیم پیر مظہرالحق نے کہا ہے کہ معاشرے کو ہر طرح کے منفی رویوں سے پاک کرنا تمام افرادکی ذمے داری ہے۔

وہ محمد علی جناح یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کی چیئرپرسن ڈاکٹر معصومہ حسن اور محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔


سیمینار کی مہمانِ خصوصی ڈاکٹر معصومہ حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کام کی جانب ہمارے رویے سماجی اقتصادیات سے متاثر ہوتے ہیں، ہمیں ممکنہ حد تک اپنے پیشوں میں دیانتدار ہونا چاہیے خصوصاً خواتین کو آجران اور ساتھی کارکنان کے ہراساں کیے جانے والے رویوں کی مزاحمت کرنی چاہیے۔

ماہر نفسیات ڈاکٹر فوزیہ خان نے کہا کہ مثبت رویے اپنا کر نہ صرف اپنے پیشے میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے بلکہ معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوہاب نے کہا کہ تعلیم کا مقصد ایسی افرادی قوت مہیا کرنا ہے جو ملک کو درپیش مسائل کا اپنے وسائل میں رہتے ہوئے مقابلہ کرسکے۔

یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے اور ایسی اندازِ فکر پروان چڑھائی جاتی ہے جو شکست خوردہ ذہن کے بجائے اعتماد کے حامل افراد کی تعمیر کرے ۔
Load Next Story