ومبلڈن ٹائٹل جیتنے کی تڑپ کم نہیں ہوئی وینس ولیمز

2برس کی تاخیر سے آل انگلینڈ کلب پرفاتحانہ واپسی پرمسرور ہوں، امریکی ٹینس اسٹار

میں ایک اور ٹرافی اپنے نام کرنا چاہتی ہوں، وینس ولیمز۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

LAS VEGAS:
پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی وینس ولیمز کی ومبلڈن ٹرافی جیتنے کیلیے تڑپ کم نہیں ہوئی۔

امریکی ٹینس پلیئر نے گذشتہ روز ویمنز سنگلز میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق پانچ مرتبہ کی چیمپئن امریکی ٹینس پلیئر وینس ولیمزکا کہنا ہے کہ میں اپنی ومبلڈن ٹرافیز میں اضافہ کرنا چاہتی ہوں، انھوں نے رواں برس اپنی مہم کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے اسپینش حریف ماریا ٹریسا ٹوروفلو کو 6-4،4-6 اور6-2 سے قابو کیا تھا، گذشتہ برس کی چیمپئن شپ میں انجری کے باعث شرکت نہ کرنے والی 30 ویں سیڈڈ پلیئر کو آل انگلینڈ کلب پر5 سنگلز ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔


وہ اپنی چھوٹی بہن سرینا کے ساتھ بھی 5 ڈبلز ٹرافیز اپنے نام کرچکی ہیں،انھوں نے کہا کہ ٹائٹل کیلیے میری بھوک ابھی ختم نہیں ہوئی، میں ایک اور ٹرافی اپنے نام کرنا چاہتی ہوں، ولیمزسسٹرز لندن 2012 اولمپکس کا ڈبلز ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں جو آل انگلینڈکلب پرہی منعقد ہوا تھا، البتہ وینس اسی برس چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئیں تھیں،اب انھوں نے 2011 کے بعد ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی پائی، وینس نے کہاکہ2012 اولمپکس کے بعد سے میری یہاں پر واپسی نہیں ہوئی تھی ۔

اس لیے اس مرتبہ فاتحانہ آغاز کرنے پر بھولی بسری باتیں یاد آرہی ہیں، میرے ذہن میں یہاں پر کھیلے گئے17 برسوں کی یادیں ہیں، بیماریوں سے لڑنے والی وینس ولیمز نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود میری صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے ، میں نے بہت سے میچز نہیں کھیلے اس لیے انجری کے بعد واپسی پر جیتنا دشوار معلوم ہورہا تھا۔ دوسرے مرحلے میں وینس کا ٹاکرا جاپان کی کرومی نارا سے ہوگا، اس میں کامیابی کے بعد ان کی اگلی ممکنہ حریف2011 کی ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا ہوں گی۔

اس تناظر میں وینس نے کہاکہ میں ہر راؤنڈ میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہوں ، اس لیے حقیقتاً میری توجہ صرف اپنے اگلے میچ پر ہی ہوتی ہے، جاپانی43 سالہ کمیکو ڈیٹ کروم کی ہار کے بعد 34 سالہ وینس اب ایونٹ میں پیشقدمی کرنے والی ایونٹ کی عمررسیدہ خاتون پلیئر ہیں۔
Load Next Story