رنگت سیاہ ہونے کے ڈر سے بھارتی لڑکیاں ٹینس نہیں کھیلتیں ثانیہ مرزا

کھیل کو سمجھنے اور اعلیٰ سطح پر کھیلنے والے سے شادی کا خاصا فائدہ ہوتا ہے، ثانیہ مرزا

برصغیر میں لڑکیوں کے لیے گورا رنگ سب سے بہتر سمجھا جاتا ہے، بھارتی ٹینس اسٹار۔ فوٹو: فائل

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ بھارت میں خواتین کے ٹینس میں نہ آنے کی ایک وجہ رنگت سیاہ ہونے کا ڈربھی ہے، برصغیر میں گورے رنگ کو بہتر سمجھا جاتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو میں بھارتی ٹینس کوئن ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ میرے کھیلنے پر قریبی رشتے دار بھی فکرمند ہوئے تھے، بھارت میں تیز دھوپ میں ٹینس کھیلنے پر رنگ سیاہ ہونے کے ڈر سے لڑکیاں اس کھیل میں نہیں آتیں؟ اس سوال پر ثانیہ نے کہا کہ بھارت میں خواتین کو کیا کرنا چاہیے اورکیا نہیں اس حوالے سے مختلف آرا ہیں، دھوپ کی وجہ سے رنگ سیاہ ہونے کا ڈر ایک وجہ تو ہے، جس کی وجہ سے ٹینس اور گالف میں لڑکیاں نہیں نظر آتیں لیکن ان کھیلوں میں آپ کو ملک سے باہر دنیا کا سفر کرنا اور دیگرکئی چیزوں کو بھی قربان کرنا ہوتا ہے، ثانیہ نے کہا کہ برصغیر میں لڑکیوں کے لیے گورا رنگ سب سے بہتر سمجھا جاتا ہے۔


ایسے میں چچی، چچا اور چچازاد بہنوں کو فکر تھی کہ اگر میرا رنگ سیاہ ہوگیا تو شادی کیسے ہوگی، یہ خوف ہماری ثقافت کا حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرا کھیل میں آغاز انتہائی مشکل تھا، مجھے ہر قدم پر تنقید سننے کو ملی، جب میں نے ٹینس کا ریکٹ پکڑا تب تو یہ کوئی سوچتا بھی نہیں تھا کہ لڑکیاں ومبلڈن کھیلنے جائیں گی لیکن جب میں نے 2003 میں جونیئر ومبلڈن کا ٹائٹل جیتا تب جا کر لوگوں نے مجھ سے معافی مانگی، انھوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 20 برسوں میں بہت کچھ بدلا ہے لیکن بنیادی چیزیں ابھی نہیں تبدیل ہوئیں، ٹینس اسٹار نے کہا کہ اگر کوئی خاتون پروفیشنل کھلاڑی بننا چاہتی ہے تو اس میں مذہب اور ذات کا کوئی کردار نہیں ہوتا لیکن بر صغیر کی ثقافت کا اثر ضرور پڑتا ہے۔

کھیل میں اپنے تلخ تجربات کے بارے میں ثانیہ نے کہاکہ میرے گھر اور خاندان والے ہمیشہ میرا ساتھ دیتے ہیں، اسی وجہ سے میں تنازعات سے نکل پاتی ہوں۔ ثانیہ نے گزشتہ برس بھارتی شہرحیدرآباد میں ٹینس اکیڈمی شروع کی ہے، ثانیہ نے اس حوالے سے کہاکہ لوگ مجھ سے بار بار پوچھتے ہیں کہ میرے بعد کون آگے آئے گا؟ لہذا میں نے اس سمت میں کچھ کرنے کی کوشش کی تاکہ بھارت میں ٹینس کو قائم رکھا جا سکے۔ یاد رہے کہ ثانیہ مرزا کی شادی پاکستانی کرکٹرشعیب ملک سے ہوئی ہے،اسے جنوبی ایشیا کی سلیبریٹی جوڑی شمار کیا جاتا ہے، ٹینس اسٹار نے کہا کہ کھیل کو سمجھنے اور اعلیٰ سطح پر کھیلنے والے سے شادی کا خاصا فائدہ ہوتا ہے۔
Load Next Story