فیبرک کی رعایتی ٹیرف پر درآمد سے کرپشن بڑھ رہی ہے ارشد جمال

محصولات وقانونی درآمدات کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے، ڈیوٹی و ٹیکس شرح میں فرق ختم ہونا چاہیے

محصولات وقانونی درآمدات کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے، ڈیوٹی و ٹیکس شرح میں فرق ختم ہونا چاہیے۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ''درآمدی فیبرک'' سے متعلق غیر واضح پالیسی اور محکمہ کسٹمز کی جانب سے دوماہ قبل تک انڈسٹری کی آڑ میں کاٹن بلینڈڈ کے نام سے فیبرک کی رعایتی ٹیرف پرکلیئرنس ریونیوخسارے اور قانونی درآمدات کی حوصلہ شکنی کا باعث بن گئی ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ دو ماہ قبل تک محکمہ کسٹمزکے متعلقہ حکام کی ملی بھگت سے انڈسٹری کی آڑ میں درآمدہ فیبرک کی ہونے والی کسٹمز کلیئرنس بند ہوگئی تھی جس کی وجہ سے متعلقہ کسٹم حکام کی کروڑوں روپے کی اسپیڈ منی کے دروازے بھی بند ہوگئے تھے۔ پاکستان اکانومی فورم کے چیئرمین ارشد جمال نے بتایا کہ فیبرک کی تجارتی وصنعتی بنیادوں ڈیوٹی وٹیکس کی شرحوں میں نمایاں فرق ہی اس شعبے میں کرپشن کو فروغ دے رہا ہے۔


متعلقہ کسٹم حکام نے درآمدہ فیبرک کی ویلیوایشن کے فرق سے دوبارہ ناجائز فائدہ اٹھانے کے لیے کمرشل امپورٹرز کی جانب سے ملک میں درآمد ہونے والے 250 کنٹینرزکی کلیئرنس کوروک دیا تھا حالانکہ متعلقہ کسٹمز حکام ان کنسائنمنٹس کودرست ویلیوایشن کے بعد مطلوبہ ڈیوٹی وٹیکسز حاصل کرکے ایمنسٹی کے تحت کلیئرنس دے دینی چاہیے تھی لیکن متعلقہ کسٹمز حکام نے روکے گئے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس میں مزید تاخیر کے لیے درآمدہ فیبرکس کے نمونے حاصل کرکے لیب ٹیسٹنگ کے لیے بھجوائے اور چند روز بعد روکے گئے مذکورہ کنسائمنٹ کی ڈسکرپشن، کلاسیفکیشن اور ویلیوکے فرق کوجواز بناتے ہوئے روکے گئے 250 کنٹینرز میں سے50 کنٹینرز کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئیں جبکہ باقی ماندہ 200 کنٹینرزکی متعلقہ حکام کنٹروینشل بناکر انہیں شوکاز نوٹسز جاری کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

ارشد جمال نے بتایا کہ کاٹن بلینڈڈ کے نام سے ہونے والی امپورٹ کسٹم حکام کی دی گئی لائن پر کی جارہی تھی۔ روکے گئے کنٹینرز کی درست ویلیوایشن کرکے انہیں ریلیز کردیا جاتا تو امپورٹرز کو ڈیمریج ڈیٹنشن کی مد میں بھاری نقصان نہ ہوتا اور وہ ایمنسٹی اسکیم سے قانونی طور پراستفادہ کرتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ کسٹمز کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج اور دیگراقدامات کی وجہ سے مطلوبہ ریونیو نہیں حاصل ہوسکے گا اور مستقبل میں ''فیبرک'' اسمگلنگ ریجیم میں داخل ہوجائے گا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کو تجویز دی کہ وہ فیبرک کی درآمدات کیلیے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایات جاری کریں۔ امپورٹڈفیبرک پر کسٹم ڈیوٹی کی شرح10 فیصدمقررکی جائے جبکہ سیلزٹیکس اور انکم ٹیکس کی شرحیں انڈسٹریل اور کمرشل کے لیے یکساں عائد کیا جائے۔
Load Next Story