’’پاکستان رمضان نشریات‘‘ موضوع گفتگو بن گئی شرکت کیلئے ٹیلی فون کالز کا تانتا

پاکستان رمضان نشریات ہر لحاظ سے تاریخی اور منفرد ہوں گی، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا ناظرین سے وعدہ

نشریات میں شرکت کی کوئی فیس نہیں، ناظرین جعلسازوں سے ہوشیار رہیں، میزبان کا انتباہ۔ فوٹو: فائل

رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کے انعامات سے سرشار ماہ رمضان کے آغاز میں صرف چند روز باقی رہ گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت نشر ہونے والی ''پاکستان رمضان'' نشریات میں کیا خاص ہونے والا ہے اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اس حوالے سے کیا تیاریاں کررہے ہیں؟ یہ وہ سوال ہے جو اِن دنوں ہرگھر اور ہر محفل کا موضوع بنا ہوا ہے۔ چند روز قبل ٹی وی اسکرین پر ''پاکستان رمضان'' کا لوگو نشر ہونے کے بعد سے ناظرین میں بے تابی کی جس لہر نے جنم لیا تھا اُس میں اُس وقت کئی گنا اضافہ ہوگیا جب دو روز قبل ایکسپریس ٹی وی پر نشریات میں شرکت کیلیے رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہوا۔


رجسٹریشن کیلیے ٹی وی اسکرین پر ادارے کی جانب سے مقررہ ٹیلی فون نمبرز کے مشتہر ہوتے ہی ملک بھر سے ناظرین کی ٹیلی فون کالز کا تانتا بندھ گیا اور سحر وافطار میں ہر دلعزیز میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے ساتھ نشریات میں شرکت کے خواہش مند افراد نے پہلے ہی روز ہزاروں کی تعداد میں رجسٹریشن کرائی اور نشر ہونے سے پہلے ہی ''پاکستان رمضان '' کی کا میابی پر پسندیدگی کی مہر لگادی۔ ''پاکستان رمضان'' نشریات کے حوالے سے دنیابھر میں بسنے والے اپنے کروڑوں مداحوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ چند روز بعد انشاء اللہ ایکسپریس پر رمضان المبارک کی تاریخ کی ایک ایسی منفرد نشریات پیش ہونے جارہی ہے جس کی نظیر قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی نہیں ملتی۔

''پاکستان رمضان'' کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھاکہ ''پاکستان رمضان'' کا مقصد پاکستان کے عوام اور پاک فوج کے حوصلوں کو بلند کرنا ہے، رمضان المبارک کے دوران پوری قوم کے ساتھ مل کرپاک فوج کی کامیابی اور پاکستان کی سلامتی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ '' پاکستان رمضان نشریات'' کو ہر لحاظ سے منفرد قرار دیتے ہوئے انہوں نے ناظرین کو آگاہ کیا کہ وہ غیر مستند ذرائع سے موصول ہونے والے ٹیکسٹ میسجز اور جعلسازوں سے ہوشیار رہیں، نشریات میں شرکت کی کوئی فیس نہیں لہٰذا اس حوالے سے جھوٹے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔

اس موقع پر یہ پرمسرت انکشاف کرکے انہوں نے اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی کہ گزشتہ برس کی بہ نسبت اس بار سحر و افطار میں حاضرین کی زیادہ بڑی تعداد نشریات میں براہ راست شرکت کرے گی۔ نشریات کی بعض نمایاں خصوصیات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے محبت اور حب الوطنی کا پیغام لیے سبز ہلالی پرچم سے آراستہ اس نشریات میں رنگوں کا امتزاج بھی غیرمعمولی ہوگا جبکہ رمضان کا گیت ہمیشہ کی طرح اس بار بھی دھوم مچا دے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ذہنی آزمائش پرمبنی کوئز شو ''زیر زبر پیش'' اورگرافک ڈیزائننگ کا مقابلہ ''میرا پاکستان'' لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالے گا جبکہ انعامات کی برسات ایسی موسلادھار ہوگی کہ نشریات میںشریک کوئی بھی مہمان خالی ہاتھ گھر واپس نہیں لوٹے گا۔
Load Next Story