مشرف کالونی سے گینگ وار اور کالعدم تنظیموں کے 10 کارندے پکڑے گئے

ملیر پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے گاڑی اوراسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان سہیل اوراحسن سرکاری افسران کے بھتیجے ہیں

گلشن پولیس نے بلاک3 میں مقابلے کے بعد ڈاکو کو گرفتار کرکے ایف بی ایریا سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور پستول برآمد کرلی۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے اعلیٰ افسران کے2 بھتیجوں سمیت23 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے جمعرات کی صبح ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی سیکٹر 6/A ، 6/E اور 10/Aکا محاصرہ کر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو آنے جانے والوں کے لیے بند کر دیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا آپریشن میں 300سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جس میں کمانڈوز اور لیڈی اہلکار بھی شامل تھیں، سرچ آپریشن کے لیے سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی ، حراست میں لیے جانے والے ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے ، گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار اور کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے۔


سچل پولیس نے جوہر کمپلیکس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے 2 ملزمان زبیر اور سلیم کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، اسٹیل ٹاؤن پولیس نے نیشنل ہائی وے پر کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان سہیل شیخ ، عبد الرزاق لغاری ، غلام رسول جمالی ، ثنا اﷲ اور احسان سہاگ کو گرفتار کر کے ملزمان کی زیر استعمال ویگو گاڑی اور اسلحہ برآمد کر لیا ، ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن ہارون کورائی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سہیل شیخ اور احسن سہاگ اعلیٰ افسران کے بھتیجے ہیں،ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ، ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے ، ملزمان کو چھڑانے کے لیے اعلیٰ افسران کی سفارش بھی آئی تھی تاہم ایس ایس پی ملیر نے تمام سفارشوں کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جس پر مقدمات درج کر کے ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ایس ایچ او سچل اسماعیل لاشاری کا نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ،اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کیماڑی مسان روڈ پر کارروائی کر تے ہوئے کباڑی مارکیٹ سے بھتہ وصول کرنے والے3ملزمان سجاول اشرف،گل محمد اختر اور نقاش کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 پستول برآمد کرلیے،گلشن اقبال پولیس نے بلاک3 سے مقابلے کے بعد ڈاکو محمد مفید کو گرفتار کر کے فیڈرل بی ایریا سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور پستول برآمد کرلیا، ملزم کے 2ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں زبیر اور عرفان کے ساتھ مکان نمبر167 میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس اطلاع ملتے ہی پہنچ گئی،گھر کو چاروں طرف سے گھیر لیا ، ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی ، پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو گرفتارکرلیا، فیروزآباد پولیس نے پی ای سی ایچ بلاک2 ماڈل اسکول کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم یاسر اور نادر بلوچ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے75بوتلیں کچی شراب برآمد کر لی ،گارڈن پولیس نے عثمان آباد میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ستار عرف بانڈہ کو گرفتار کرکے ایک کلو 300گرام گردہ ( چرس ) برآمد کر لی ۔
Load Next Story