نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں رینجرز سے مقابلہ 2 ملزمان ہلاک ایک فرار

ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی، ٹھکانے سے اسلحہ اوربم برآمد کرنے کا دعویٰ، سرچ آپریشن میں6ملزم گرفتار

تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، لاشیں ایدھی سردخانے میں رکھوادی گئیں،ترجمان رینجرز۔ فوٹو: فائل

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مدینہ کالونی میں رینجرز نے مقابلے کے دوران 2 افراد کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے ملزمان کی ٹھکانے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیے گئے ہیں،رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران6ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اوردستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق نیوکراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مدینہ کالونی میں رینجرز سے مقابلے کے دوران2 ملزمان ہلاک ہوگئے ، ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئیں۔


پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوںکی عمریں35اور38 سال کے درمیان اور وہ باریش ہیں ، لاشیں پوسٹ مارٹم اور پولیس کارروائی کے بعد شناخت ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی گئیں ، رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرز کی ٹیم علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے لیے محاصرہ کررہی تھی کہ مشتبہ گھرسے نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کردی، رینجرز کی ٹیم نے گھر کو گھیرے میں لے کر جوابی فائرنگ کی جس میں2 ملزمان مارے گئے، ایک ملزم گھر کے عقبی راستے ملیر ندی سے ہوتا ہوا سہراب گوٹھ مچھر کالونی کی طرف فرار ہو گیا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کے ٹھکانے سے کلاشنکوف ، ٹی ٹی پستول اور2دستی بم ملے ہیں،ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ ان کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی کہ شناخت کی جا سکے تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا،مذکورہ واقعے کے کچھ دیر بعد رینجرزکی بھاری نفری نے مدینہ کالونی کو مکمل طور پر محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران6ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے سب مشین گنز اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
Load Next Story