پرائس کنٹرول کمیٹی نے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکج تیار کر لیا

آٹا، روٹی، تیل،گھی، مٹھائی،نمکو،بیکری اشیا اور چائے کی پتی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے

پرائس کنڑول کمیٹی نے کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کو رمضان پیکیج کی تفصیلات سے آگاہ کردیا فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر قائم کی جانے والی پرائس کنڑول کمیٹی نے مینو فیکچرز اور دکانداروں کی ایسو سی ایشنز کے تعاون سے رمضان میں شہریوں کو اشیا ضروری میں ریلیف دینے کے لیے رعائتی قیمتوں پر مشتمل رمضان پیکیج تیا ر کرلیا ہے۔

پرائس کنٹرول کمیٹی نے جن اشیائے ضروریہ میں کمی کا فیصلہ کیا ہے اس میں آٹا، روٹی، تیل، گھی، مٹھائی، نمکو، بیکری کی اشیا، چائے کی قیمتوں میں ریلیف دیا گیا ہے، پرائس کنڑول کمیٹی نے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو رمضان پیکیج کی تفصیلات سے آگاہ کیا، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے تما م ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ وہ اس با ت کو یقینی بنائیں کہ رمضان پیکیج پر عملدآمد کو یقینی بنایا جائے تا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف دینے کی انتظامیہ کی کوششیں بار آور ثابت ہوں، اجلاس میں بتایا گیا کہ پرائس کنڑول کمیٹی نے مختلف مینوفیکچرز کے نمائندوں کے ساتھ متعدد اجلا س کیے۔


ان اجلاسوں میں انتظامیہ کے افسران کے علاوہ مختلف صارفین کے حقوق کیلیے کام کر نے والی تنظیموں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شر کت کی،پرائس کنڑول کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل کمشنرٹوحاجی احمد نے بتا یا کہ آٹا،روٹی، تیل،گھی، مٹھائی، نمکو،بیکری کی اشیا، چائے کی قیمتوں میں کمی کا اعلا ن کیا گیاہے، اس سلسلے میں ڈالڈافوڈز، کسان گھی، میسرز یونی لیورزپاکستان، اور صوفی گھی اینڈ آئل نے مختلف رعائتوں کا اعلا ن کیا،اجلاس کو یہ بھی بتا یا کہ سندھ فلور ملز ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کو تحریری طور پر آٹے کی قیمت میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے، بیورو آف سپلائی اور فوڈ محکمہ کے انسپکٹر اس فیصلہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے،ٹپا ل ٹی کمپنی نے چائے پر چار سے سات روپے کمی کا اعلا ن کیا،اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائس کنڑول کمیٹی نے تندور کے نما یاں دکانداروں کے ساتھ اجلا س میں روٹی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں تندور کے دکانداروں نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے روٹی کی قیمت کم کرنے کا تحریری طور پر اعلا ن کیا، فیصلہ کے مطا بق روٹی کی کم سے کم قیمت 5 روپے اور زیادہ سے زیادہ نو روپے ہوگی، اس سلسلہ میں نئی قیمت کے بینر لگائیں گے تاکہ عوام آگاہ ہو سکیں، اجلاس میں تندور کے دکانداروں نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے روٹی کی قیمت کم کرنے کا تحریری طور پر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈھائی نمبر آٹے (بھٹی اور مٹی کا تندور)کی 120/125 گرام کی روٹی چھ روپے کی بجائے پانچ روپے ، فائن آٹے کی 120/125 گرام کی روٹی 7 روپے کے بجائے 6 روپے اور فائن آٹے کی 180/170گرام کی روٹی 10 روپے کے بجائے 9 روپے میں فروخت کی جائے گی جبکہ ہر قسم کی چپاتی 6 روپے کے بجائے 5 روپے میں فروخت کی جائے گی۔
Load Next Story