رمضان پیکیج 43 اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

رمضان المبارک کے لیے دالوں، چاول، مصالحہ جات ، خشک میوؤں اور اشیائے خورونوش کی رعایتی قیمتیں مقرر

دکانداروں نے روٹی، تیل،گھی، مٹھائی، بیکری اشیا، چائے کی پتی کی قیمت کم کردی، کراچی کی فلور ملوں نے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 360 روپے کردی۔ فوٹو: فائل

کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے ماہ رمضان میں شہریوں کو اشیائے خورونوش کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

اس سلسلے میں جامع رمضان پیکیج تیار کیا گیا ہے، خصوصی رعایتی پیکیج کے تحت 43 کریانہ اشیا کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے،کریانہ اشیا کی رعایتی قیمتیں تھوک فروشوں (ہول سیلرز)، خوردہ فروشوں (ریٹیلرز) اور تیار کنندگان کے تعاون سے مقرر کی گئی ہیں، سبزی منڈی کے تاجروں نے بھی ماہ رمضان المبارک میں شہریوں کو مناسب اور سستی قیمتوں پر سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی یقینی بنانے کے انتظامات کیے ہیں،تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی نئی رعایتی قیمتیں مقر رکرنے کے لیے ایڈیشنل کمشنر کراچی ٹوکی سربراہی میں پرائس کنٹرول کمیٹی کو ذمے داری سونپی گئی ہے۔


پرائس کنٹرول کمیٹی نے اس سلسلے میں تھوک فروشوں، خوردہ فروشوں اور تیارکنندگان کے ساتھ کئی اجلاس منعقد کیے ہیں، ان اجلاسوں میں ضلعی انتظامیہ، بیورو آف سپلائی کے افسران، صارفین کی انجمنوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے شریک تھے، امسال رمضان المبارک کے لیے 75 اشیائے خورونوش کی رعایتی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں ان میں دالیں، چاول، مصالحہ جات ، خشک میوے اور متفرق اشیا شامل ہیں، ضلعی انتظامیہ کی کوشش تھی کہ زیادہ اشیا پر رعایت حاصل کی جائے اس سلسلے میں تھوک فروشوں، خوردہ فروشوں اور تیارکنندگان کے شکر گزار ہیں، پیکیج میں 43 اشیا کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جبکہ 32 اشیا کی قیمتوں کو مستحکم رکھا گیا ہے، دالوں ، چاول ، مصالحہ جات، خشک میووں کی قیمت میں خصوصی کمی کی گئی ہے۔

تیارکنندگان اور دکانداروں نے آٹا، روٹی، تیل،گھی، مٹھائی، نمکو،بیکری اشیا، چائے کی پتی کی قیمتوں میں کمی کی ہے،سندھ فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں کمی کرتے ہوئے 10 کلو آٹے کا تھیلہ 360 روپے میں دینے کا اعلا ن کیا ہے، ملز فیئر پرائس شاپ پر کرینگی، فلور ملیں بچت بازاروں میں آٹے کے اسٹال لگائیں گی، بیورو آف سپلائی اور محکمہ خوراک کے انسپکڑ اس پر عملدرآمد یقینی بنائیںگے، چائے پتی کی قیمت میں 4 سے 7 روپے کمی کی گئی ہے۔

نان فروشوں نے عوام کی سہولت کیلیے روٹی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کیا ہے، فیصلے کے مطا بق روٹی کی کم سے کم قیمت 5 اور زیادہ سے زیادہ 9 روپے ہوگی، ڈھائی نمبر آٹے کی روٹی 5 روپے ، فائن آٹے کی روٹی 6 روپے اور فائن آٹے کی ڈبل روٹی 9 روپے میں فروخت کی جائے گی چپاتی 5 روپے میں فروخت کی جائے گی، گوشت کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے گا بکرے کا گوشت 550 روپے، گائے کا گوشت (ہڈی والا) 280 روپے، بغیر ہڈی) 320 روپے اور بچھیا کا گوشت 330 روپے کلو فروخت ہوگا، سبزیوں اور پھلوں کی رعایتی قیمتوں پر فروخت کے لیے شہر بھر میں قائم تمام 126 بچت بازاروں میں سستے اسٹال لگائے جائینگے یہ اسٹال سبزی منڈی کے تا جر لگائینگے۔
Load Next Story