ایکسپریس پرڈاکٹرعامر لیاقت کی قیادت میں سب سے بڑی’’پاکستان رمضان‘‘ نشریات کا آغاز

علما، ثنا خواں، ممتازشخصیات کے علاوہ سحروافطارمیں بڑی تعداد میں حاضرین شریک ہونگے

آؤ کہانی سنیں، قصص الانبیا، راہ نیکی، دلپسند پاکستان، عالم آن ایئر بھی نشریات میں شامل،گزشتہ برس سے زیادہ مقبولیت کا امکان ہے،بااثر میڈیا حلقے۔ فوٹو: فائل

رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو معرض وجود میں آنے والا ہمارا پیارا وطن پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہاہے، رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر فوج کے جذبہ حب الوطنی کو قوم کی پکار بناتے ہوئے اس بار ایکسپریس میڈیا گروپ ''پاکستان رمضان '' کے عنوان سے ٹی وی چینلز کی تاریخ کی سب سے بڑی اور منفرد رمضان نشریات کا آغاز کرنے کا اعزاز حاصل کر رہا ہے جسے ہر سال کی طرح اس سال بھی سب کے پسندیدہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پیش کر رہے ہیں۔

گزشتہ برس ''امان رمضان '' کی فقیدالمثال کامیابی کے بعد اُن کی ترتیب دی ہوئی ''پاکستان رمضان'' نشریات میں جدت اور روایت کا حسین امتزاج اس مرتبہ بھی نقطہ عروج پر نظر آئے گا اور میڈیا کی تاریخ کے وسیع وعریض اور نفیس ترین سیٹ پر ناظرین عام ڈگر سے ہٹ کر بعض ایسے دلچسپ، معلوماتی اور روح پرور تجربات کا مشاہدہ کریں گے جنھیں دیکھ کر رمضان المبارک کی روح پرور ساعتوں کا لطف دوبالا ہو جائیگا۔ اس نشریات کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں علماء کرام، ثناء خواں اور ممتازشخصیات کے ساتھ ساتھ سحروافطارمیں حاضرین کی ایک بہت بڑی تعداد بھی براہ راست شریک ہوگی جن میں روزہ رکھنے والے کم عمر بچوں اور عمر رسیدہ افراد کی عزت افزائی کی جائیگی۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے ساتھ روزانہ سیکڑوں مہمان افطار کی لذتوں اور برکتوں سے فیض یاب ہونے کے ساتھ عجوہ کھجور اور آب زم زم سے روزہ افطار کرنے کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور سحرو افطارکی بابرکت اور پُرنور ساعتوں میں پاکستان اور پاک فوج کے لیے سیکڑوں حاضرین اور کروڑوں ناظرین کے ساتھ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی خصوصی دعا ایک روح پرور سماں باندھ دیگی۔ یہ تاریخ ساز نشریات ''اللہ کے بابرکت نام سے شروع '' ہو گی اور سحر کا آغاز کوئٹہ سے تشریف لائے ہوئے ملک کے ممتاز قاری ابراہیم کاسی کی پُرلحن تلاوت اور ڈاکٹر عامر لیاقت کی بصیرت افروز تشریح سے ہو گا اور سحر کی پرکیف ساعتوں کو سحرانگیز بنانے کے لیے عالم اسلام کے مشہور و معروف ثناخوان اپنی دلکش آوازوں میں''عشق کے رنگ'' بکھیرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

پروگرام ''آؤ کہانی سنیں!'' میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اپنے مخصوص دلکش انداز میں بچوں کو تاریخ اسلام سے وابستہ دلچسپ اورسبق آموز قصے سنائیں گے جبکہ ''قصص الانبیاء'' میں انبیائے کرام کے بصیرت افروز واقعات سے بھی ناظرین کو آگاہ کریں گے۔ ماہ رمضان میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی حتی الامکان کوشش یہ ہوتی ہے کہ اُن دکھی افراد کو بھی رمضان کی برکتوں میں شامل کیا جائے اوران کے آنسو پونچھے جائیں جو معاشرے کی بے رحمی کا شکار ہیں یا جن کے پیارے مختلف سانحات میں اُن سے بچھڑ گئے ہیں، اس مرتبہ بھی معاشرے کے پسے ہوئے طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کونشریات میں خاص طور پر مدعو کیا جائے گا۔

مختلف مصائب میں مبتلا افراد کو رمضان کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلیے ''راہ ِنیکی'' کے عنوان سے پروگرام بھی نشریات کا حصہ ہے جس میں محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اِن مصیبت زدہ افراد کی مصیبتوں کوکم کرنے اورانھیں رمضان کی برکتوں میں شریک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحقین اور بیروزگاروں کی بھرپور امداد کی جائیگی اور راشن کی تقسیم بھی عمل میں آئے گی۔ ''دلپسند پاکستان'' مقابلہ مصوری پر مبنی ایک ایسا منفرد پروگرام ہے جس میں گرافک ڈیزائننگ کی صلاحیتوں سے آراستہ ہنرمند اپنے تخیل کے مطابق ایک مثالی پاکستان کی تصویر بنائیں گے اورکار سمیت بیش قیمت انعامات جیتیں گے جبکہ سحروشام کی روح پرور ساعتوںمیں'' اذکارالصباح والمساء'' کے عنوان سے مسنون اذکار اور دعائیں بھی نشریات میں شامل ہیں۔

افطار کی خصوصی ڈشوں کے ساتھ ایک مرتبہ پھر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کوکنگ شو ''عشائیہ'' پیش کریں گے جس میں ناظرین رمضان کی مناسبت سے ہر روز ایک نئی اور لذیذ ڈش سے متعارف ہوں گے۔ ''پاکستان رمضان'' کی اِس خصوصی نشریات میں جہاں اور بہت کچھ نیا ہوگا وہیں ملک کا سب سے مقبول دینی پروگرام ''عالم آن ایئر'' کے عنوان سے ایک مرتبہ پھر منفرد انداز میں پیش کیا جائے گاجس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام ناظرین کے سوالات کے جوابات دینگے۔ الیکٹرانک میڈیا میں مذہبی تہواروں کو جوش و خروش سے منانے کی بنیاد ڈالنے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ہر سال رمضان المبارک کا استقبال ایک خوبصورت گیت سے کرتے ہیں اِس باربھی ''پاکستان رمضان ''کے عنوان سے تیارکیا جانیوالا گیت رمضان میں ایک روحانی اور حب الوطنی پر مبنی فضا قائم کر دیگا۔

اس کے علاوہ مفتی منیب الرحمن، مولانا ولی رازی اور حافظ ابتسام الٰہی ظہیر کے پروگرامز بھی رمضان کی اس خصوصی نشریات کا حصہ ہیں۔ میڈیا کے بعض بااثر حلقوں نے امکان ظاہرکیا ہے کہ ''پاکستان رمضان'' نشریات عامرلیاقت حسین کی گزشتہ برس کی نشریات سے زیادہ مقبولیت حاصل کرے گی جسے دنیاکے مستندترین پیمانے Google Trends اور بی بی سی، سی این این اور فوکس نیوز سمیت بین الاقوامی میڈیا نے رمضان کی تاریخ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی نشریات قرار دیا تھا۔


عالمی سطح پر میڈیا میں کسی پروگرام یا سپراسٹارز کی مقبولیت اور ریٹنگ کا تعین کرنے والے غیرجانبداراور معتبر ترین اداروں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق گزشتہ رمضان میں میڈیا کی سب سے زیادہ دیکھی اور پسند کی جانے والی شخصیت ایکسپریس میڈیا گروپ کے پریذیڈنٹ اور عالمی شہرت یافتہ براڈکاسٹر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ''پاکستان رمضان'' کی صورت میں ایک اور تاریخ ساز نشریات پیش کرنے کا اعزاز حاصل کر رہے ہیں جنھیں گزشتہ برس ملکی اور بین الاقوامی میڈیا نے میڈیا کا سپراسٹار قرار دیا تھا۔

حالیہ رمضان نشریات کوگزشتہ برسوں سے منفرد اور یادگار بنانے کیلئے اس مرتبہ بھی ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے ایسے اچھوتے اور دلوں کو چھو لینے والے یادگار پروگرامز ترتیب دیے ہیں جنھیں دنیا میں موجود کروڑوں ناظرین مدتوں یاد رکھیں گے۔

واضح رہے کہ الیکٹرانک میڈیا میں ماہ رمضان کو اُس کی اصل روح اور مسرتوں کے احساس کے ساتھ عظیم الشان طریقے سے منانے کی جو منفرد روایت ڈاکٹرعامر لیاقت نے تیرہ برس قبل ڈالی تھی اُس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کیے اور آج ملک کے تمام ٹی وی چینلز اِن ہی پروگرامز کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے پروگرامز ترتیب دیتے ہیں جو اس شعبے میں اُن کی قائدانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کاایک نمایاں اظہار گزشتہ سال ''امان رمضان نشریات'' کی فقیدالمثال کامیابی کی صورت میں دیکھنے میں آیا جب ڈاکٹر عامر لیاقت کی کامیابی کی بازگشت صرف ملکی ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی میڈیا میں بھی سنائی دی جن کے بقول وہ عالم اسلام کے مقبول ترین میزبان اور پسندیدہ ترین سپر اسٹار قرار پائے تھے۔

بین الاقوامی میڈیا نے مسلسل انیس گھنٹے نشریات کو حیران کن امر قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو توانائی سے بھرپور ایک ایسی شخصیت قرار دیا جو اپنی توانائی اور کارکردگی سے حیران کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت نے ہمیشہ انفرادیت کو اہمیت دی ہے یہی وجہ ہے کہ اِن کے کریڈٹ پر لاتعداد ایسے پروگرامز ہیں جنھیں لوگ آج تک بھول نہیں پائے۔ میڈیاکے غیرجانبدار تجزیہ نگاروں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ماضی کی شاندار روایات کے امین ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اس مرتبہ بھی ناظرین کی توقعات اور دنیا بھر میں مقیم اپنے کروڑوں مداحوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے اوراُس حیران کن پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے جس کیلیے وہ مشہور ہیں۔

پاکستان رمضان نشریات کی خاص بات انعامات کی وہ برسات ہے جس سے لطف اندوزہونے کے لیے ہر عمر اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا شخص کھنچا چلا آئیگا اور اپنی علمی استعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیش قیمت انعامات سے اپنا دامن بھر کر ہی واپس جائیگا۔ نشریات کے دوران اس مرتبہ بھی کئی دلچسپ اور معلوماتی پروگرامز ناظرین کو دیکھنے کو ملیں گے جنھیں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اپنے خوبصورت اندازمیں پیش کریں گے ۔اِن پروگرامزمیں رمضان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور بیش قیمت کوئزشو ''زیر زبر پیش'' اس مرتبہ بھی ناظرین کی خصوصی دلچسپی کا مرکز ہو گا جس میں روزانہ تین ٹیمیں شرکت کریں گی جن کے نام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے تین سنہری اصولوں کی مناسبت سے ''اتحاد، تنظیم اور یقین محکم '' رکھے گئے ہیں۔

روزانہ کی بنیاد پر جیتنے والی ٹیموںکے مابین فائنل مرحلے کا انعقاد رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ہوگا جس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پرآنے والی ٹیم کوکار اور دیگر بیش قیمت انعامات سے نوازا جائیگا جبکہ ہارنے والی ٹیمیں بھی انعامات کی حقدار قرار پائیں گی جوکہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔

انعامات کی اس برسات سے ناظرین وحاضرین بھی پوری طرح لطف اندوز ہوں گے کیونکہ '' پاکستان گھر'' کے عنوان سے دلچسپ اور معلوماتی سوال وجواب پرمبنی پروگرام بھی اِسی نشریات کاحصہ ہے جس میں حاضرین براہ راست اور ناظرین بذریعہ ٹیلی فون کال حصہ لے سکیں گے اورایک نہایت آسان سوال کا جواب دے کر روزانہ بڑی تعداد میں قیمتی انعامات جیتنے کا موقع حاصل کرینگے جن میں کار، موٹرسائیکلز، لیپ ٹاپ، ایئرکنڈیشنر اور فریج سمیت دیگرقیمتی تحائف شامل ہیں۔ شائقین و ناظرین میں بے پناہ مقبولیت کے پیش نظر اب یہ پروگرام زیادہ بڑے پیمانے پر پیش کیا جائے گا اور اس کا دورانیہ اور انعامات کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔
Load Next Story