آج بینک ٹیکس وصولی کے لیے کھلے رہیں گے اسٹیٹ بینک

یکم جولائی کو سالانہ کلوزنگ کے باعث لین دین بند رہے گا، اسٹیٹ بینک

یکم رمضان کو بینکوں میں سیونگ اکائونٹس پر زکوٰۃکی کٹوتی کی جائے گی، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے اعلان کیا ہے کہ کمرشل بینکوں کی برانچیں سرکاری ٹیکسزاور ڈیوٹیز کی وصولی کے لیے پیر (30 جون) کو رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ یکم جولائی کو سالانہ کلوزنگ کے باعث لین دین بند رہے گا۔


اسٹیٹ بینک کے مطابق آج تمام بینک ہر طرح کے لین دین کے لیے کھلے رہیں گے۔ تمام بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج اس وقت تک اپنی کلیئرنگ برانچوں کوکھلا رکھیں جب تک نیشنل انسٹی ٹیوشنل فیسی لٹیشن ٹیکنالوجیز (این آئی ایف ٹی) کی 2خصوصی کلیئرنگ مکمل نہ ہوجائیں۔ دریں اثنا اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق یکم جولائی کو تمام کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور مائیکروفنانس بینکوں میں عملہ حاضر ہوگا تاہم عوامی لین دین بند رہے گا۔

علاوہ ازیں پیر یکم رمضان کو بینکوں میں سیونگ اکائونٹس پر زکوٰۃکی کٹوتی کی جائے گی، وفاقی وزارت مذہبی امور نے اس سال زکوٰۃ کا نصاب 38ہزار 810روپے مقرر کیا ہے اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق اس سال 38ہزار810روپے یا اس سے زائد کی رقم کے حامل بچت کھاتوں پر 2.5فیصد زکوٰۃ منہا کی جائے گی۔ گزشتہ برس زکوٰۃ کا نصاب 41ہزار 872روپے تھا تاہم اس سال چاندی کی قیمت گھٹنے کے سبب نصاب میں کمی واقع ہوئی ہے۔
Load Next Story