پی ایس او کے پاور سیکٹر پر واجبات 164 ارب روپے تک پہنچ گئے

واپڈا 98 ارب، حبکو 41.6 ارب، کیپکو 9.5 ارب، پی آئی اے 7.8 ارب، کے الیکٹرک 5.2 ارب کی مقروض

پی ایس او کو مقامی ریفائنریوں کو 13 ارب 40 کروڑ اور بین الاقوامی سپلائرز کو 118 رب روپے کی ادائیگی کرنی ہے، ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیٹ آئل کے پاور سیکٹر اور دیگر اداروں پر واجبات164 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ پی ایس او کو مقامی اور بین الاقوامی سپلائرز کو 132 ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔


ذرائع کے مطابق پی ایس او کے پاور سیکٹر پر واجبات ایک بار پھر 164 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، تیل کمپنی کے 97 ارب 98 کروڑروپے کے سب سے زیادہ واجبات واپڈا پر ہیں جبکہ حبکو پر بھی واجبات 41 ارب 64 کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں، کیپکو پر واجبات 9 ارب 50 کروڑ روپے ہوگئے ہیں، پی آئی اے پر بھی واجبات 7 ارب81 کروڑ روپے پر پہنچ گئے، کے الیکٹرک پر واجبات5 ارب 25 کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔ پی ایس او نے مقامی ریفائنریوں کو 13 ارب 40 کروڑ روپے اور ایل سی کی مد میں بین الاقوامی سپلائرز کو118 رب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس او نے ایل سی کی مد میں کویت پٹرولیم کمپنی اور بین الاقوامی سپلائرز کو 52 ارب روپے کی ادائیگی کرنا ہے جس میں سے32 ارب روپے کی ادائیگی کی تاریخ قریب پہنچ گئی ہے اور پاور سیکٹر کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک بار پھر تیل کی سپلائی موخر ہوسکتی ہے۔ 2 ہفتے قبل وزارت پٹرولیم نے وزارت خزانہ سے فوری طور پر 32 ارب روپے پی ایس او کو ادا کرنے کا کہا تھا لیکن وزارت خزانہ نے 20 ارب روپے جاری کیے جس میں سے صرف 10 ارب روپے ہی پی ایس او کو موصول ہوئے ہیں۔
Load Next Story