کراچی چیمبر کو رمضان میں گھریلو اشیا مہنگی ہونے پر تشویش

حکومت سندھ اور کے ایم سی منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کرے، عبداللہ ذکی

حکومت سندھ اور کے ایم سی منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کرے، عبداللہ ذکی فوٹو فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی نے رمضان المبارک کی آمد پر گھریلو اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ اور کراچی میونسپل کاپوریشن سے منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے موثرنظام نہ ہونے کی وجہ سے دکانداروں نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بلاخوف و خطر من مانا اضافہ کر دیا ہے جس سے غریب عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی جاتی ہے اور عوام کو خصوصی رعایت دی جاتی ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں اس کے برعکس ہی ہوتا ہے، لالچی منافع خور گھریلو استعمال کی تمام اشیا کی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں تاکہ بھرپور منافع کماسکیں جبکہ ذخیرہ اندوز بھی اجناس کی مصنوعی قلت پیدا کردیتے ہیں تاکہ وہ بھی اشیا کی قلت کا فائدہ اٹھا کر خوب منافع کماسکیں۔


عبداللہ ذکی نے کہا کہ یوں تو کے ایم سی باقاعدگی سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی لسٹ جاری کرتی ہے لیکن کوئی بھی دکاندار سرکاری پرائس لسٹ کے مطابق اشیا فروخت نہیں کرتا بلکہ من مانی قیمتوں پر اشیا فروخت کر کے عوام کو خوب لوٹا جارہا ہے۔

انہوں نے حکومت سندھ اور کے ایم سی کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہر بھر میں موجود تمام مارکیٹوں میں انسپیکشن اور ویجی لینس ٹیموں کو تعینات کریں جو بلا تفریق منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان پر بھاری جرمانے عائد کرے اورانہیں جیل بھیجا جائے تاکہ منافع خوروں کے خلاف عبرتناک سزا سے دیگر دکاندار منافع خوری سے گریز کریں۔ انہوں نے سندھ حکومت اور کے ایم سی کے تمام محکموں سے اپیل کی کہ وہ شہر بھر میں موجود مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش، پھلوں، سبزیوں اور کچن میں استعمال ہونے والی دیگر اشیا کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اورکسی کو بھی عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے نہ دیا جائے۔
Load Next Story