پاکستان رمضان میں دنیا کے کمسن قاری اور قرآنی کمپیوٹر بچوں نے سب کو حیران کر دیا

کم عمر قاریوں کی دلکش تلاوت اور ذہانت پرڈاکٹرعامر لیاقت کا خراج تحسین

زیر زبر پیش میں لاہور سے شرکت کرنے والی ٹیم نے میدان مار لیا،انعامات کی برسات میں تیزی آگئی. فوٹو: فائل

KARACHI:
ایکسپریس میڈیا گروپ کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کی میزبانی میں میڈیا کی تاریخ کی کامیاب ترین نشریات''پاکستان رمضان'' میں میزبان کی خصوصی دعوت پرگوجرانوالہ سے شرکت کیلیے آئے ہوئے دنیاکے کم سن ترین قاری اور قرآنی کمپیوٹر بچوں نے کروڑوں ناظرین کو دلکش تلاوت اور اپنی غیر معمولی ذہانت سے حیرت زدہ کردیا اور رمضان المبارک کے پہلے جمعے کو یادگار بنا دیا۔

8 سالہ کم سن قاری محمدبن عثمان نے امام حرم کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس سمیت دنیاکے نامورقرا کی طرزمیں قرآن پاک کی تلاوت کرکے ایک سماں باندھ دیااوراپنی دلکش آوازسے سامعین پروجدطاری کردیا،اس دوران سیٹ کی فضا ''سبحان اللہ'' کی خوبصورت صداؤں سے گونجتی رہی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کم سن قاری کی خدادادصلاحیتوں پر اسے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ قاری محمدبن عثمان نے بوقت افطار اپنی دلنشین آواز میں حرمین کی طرز پر اذان مغرب دے کر روح پرور فضا قائم کردی۔کم سن قاریہ انشراح بنت عثمان نے فہم و قرآن اور علم تجوید کی اہمیت پر مختصرتقریرکرکے حاضرین کے دل جیت لیے۔ نشریات کی ایک اورخاص بات قرآنی کمپیوٹربچوں محمدرواحہ،محمد عبداللہ اور محمد مغیرہ کی براہ راست پرفارمنس تھی ۔

جنہوں نے قوت حافظہ کاناقابل یقین مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان اورحاضرین کی جانب سے قرآن پاک سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے اردو،عربی اورانگریزی میں جوابات دے کرکروڑوں ناظرین کوورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔بہترین قرأت اور دنیاکی پانچ زبانوں میں قرآن سے متعلق جوابات دینے کی قدرتی صلاحیتوں سے مالامال اِن بچوں کاتعلق گوجرانوالہ میں قائم اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ سے ہے جس نے عالمی سطح پراپنی انفرادیت کالوہا منوارکھاہے،ادارے کے بانی حافظ محمد عثمان نے ہردلعزیز میزبان سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ان کے ادارے کو 5 سو سے زائد قومی اور بین الاقوامی اسکالرزنے دنیا کا بہترین حفظ قرآن پروگرام قرار دیا ہے۔

اس موقع پرڈیجیٹل قرآن پر مبنی پروگرام ''احسن الکلام'' میں شریک حافظ شاکر نے بھی بچوں کی ذہانت اور کم سن قاریوں کی خوبصورت تلاوت کی تعریف کی اور اسے ایک حیرت انگیز کرشمہ قرار دیا۔پاکستان رمضان کے دلچسپ کوئز مقابلے ''زیر زبر پیش'' میں ذہانت کا برجستہ مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور لاہور سے شرکت کرنے والے دوستوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان مارلیا اورموٹر سائیکل جیتنے کے ساتھ اب تک کی بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔اذان مغرب سے پہلے روزہ کشائی میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی صاحبزادی دعائے عامر نے روزے دار بچوں کا تعارف کروایا اور ان سے روزے کی کیفیت دریافت کی،اس موقع پرضعیف العمر روزے داروں کی عزت افزائی تحائف کے ساتھ کی گئی۔

ہرایک کے پسندیدہ ''پاکستان گھر'' میںنشریات کے چوتھے روزبھی حاضرین وناظرین کی ایک بڑی تعدادنے لاکھوں روپے کے قیمتی انعامات جیتے جس میں موٹر سائیکلز اور عمرے کے ٹکٹس سمیت بہت سے بیش قیمت انعامات شامل تھے۔


ایکسپریس کے مقبول دینی پروگرام ''عالم آن ایئر'' میں سحرکے دوران تنظیم المساجد پاکستان کے سربراہ مفتی عابد مبارک اور شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنما علامہ شبیر حسن میثمی نے جبکہ افطار میں جماعت اہلسنّت سندھ کے ناظم تعلیم وتبلیغ علامہ نسیم احمد صدیقی، جامعہ بنوریہ العالمیہ سے منسلک مفتی فضل سبحان، شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری علامہ فیاض حسین مطہری اور تحریک اہل حدیث پاکستان کے سرپرست پروفیسر محمد یونس صدیقی نے شرکت کی اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔ سحروافطار کی پرکیف ساعات کو قاری ابراہیم کاسی ، الحاج عمران شیخ عطاری اور احمدرضاقادری نے پانچویں روزبھی دل آویز بنائے رکھا اورفضا میں عشق کے رنگ بکھیر ے۔

پاکستان رمضان کے مقبول پروگرام ''راہِ نیکی'' میں مختلف مسائل میں مبتلا خاندانوں کی امداد کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری رہا جس کے دوران دل کے امراض میں مبتلا کم سن بچوں کی ماں نسرین نے اپنے بچوں کے ساتھ شرکت کی۔ آنسوئوں کے ساتھ دکھی ماں کی فریاد نے وہاں موجود میزبان اور حاضرین ہی کو نہیں بلکہ پاکستان اور بیرون ملک بسنے والے لاکھوں ہم وطنوں کو بھی آبدیدہ کر دیا۔

بچوں کے لیے علاج معالجے کیلیے میزبان کی پکار پر دبئی میں مقیم نیک دل خاتون نے لبیک کہتے ہوئے نشریات کے دوران ہی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے رابطہ کیا اور گلوگیر لہجے میں نسرین سے گفتگو کی اور ان کے بچوں کے علاج معالجے سمیت گزربسر کے تمام تر اخراجات کی ادائیگی کا اعلان کرکے ایک ماں سے ڈھیر ساری دعائیں سمیٹیں۔ اس موقع پر نسرین نے مخیر خاتون اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر محمودہ سلطانہ فائونڈیشن کی طرف سے بھی خاتون کی مالی امداد کی گئی تا کہ وہ بھی دیگر ہم وطنوں کی طرح عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

ایکسپریس پر پیش کی جانے والی تاریخ ساز پاکستان رمضان نشریات کے پہلے جمعے کو عام دنوں کی بہ نسبت زیادہ گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ اس بابرکت موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک میں ہر جمعے کو محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ان مستحق بہنوں کو زیورات سمیت شادی کا مکمل سامان فراہم کیا جائے گا جو جہیز نہ ہونے کی وجہ سے گھر میں بیٹھی ہیں۔ اس سلسلے میں رمضان المبارک کے پہلے جمعے کو 7 بیٹیوں کی ماں بشیراں بی بی اور کم آمدنی کی وجہ سے مالی مسائل سے دو چار 3 بیٹیوں کے باپ ڈرائیور عبدالمجید نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مستحقین میں سونے کے زیورات سمیت جہیز کیلیے درکار تمام ضروری سازوسامان ان کے حوالے کیا اور عید پر بشیراں بی بی کی بیٹی کی شادی اور تقریب میں مہمانوں کیلیے کھانے کا انتظام بھی ذاتی خرچ پر کرنے کا اعلان کیا جس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مستحقین نے میزبان کو دعائیں دیں اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ جہیز کی لعنت ختم ہونی چاہیے جس کی وجہ سے کئی بہن بیٹیوں کے ہاتھ پیلے ہونے سے قبل بالوں میں چاندی اتر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہیز سماجی استحصال کی بدترین قسم ہے، جس کا خاتمہ ضروری ہے۔
Load Next Story