امریکا سے تجارتی تعلقات مضبوط بنارہے ہیں خرم دستگیر

دونوں ملکوں کے درمیان بزنس کانفرنس نومبر میں ہوگی، ایلزبتھ جونز اور رچرڈ اولسن سے ملاقات

دونوں ملکوں کے درمیان بزنس کانفرنس نومبر میں ہوگی، ایلزبتھ جونز اور رچرڈ اولسن سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر تجارت انجنئیرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کر رہے ہیں۔

امریکا کو برآمدات اور امریکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کیلیے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، دونوں ممالک کے درمیان بزنس کانفرنس نومبر میںاسلام آباد میں منعقد ہو گی جس کی میزبانی وزارت تجارت کرے گی، اس کانفرنس میں متعدد بڑی امریکی کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان اور افغانستان کیلیے امریکی پرنسپل ڈپٹی اسپیشل نمائندہ ایلزبتھ جونز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن بھی موجود تھے۔


ملاقات میں مئی میں امریکا میں منعقدہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) میں جاری کیے گئے جوائنٹ ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے امریکی حکومت کو ورلڈ بینک کے بورڈ آف گورنرز میں داسو ڈیم کے لیے پاکستان کی حمایت کرنے پرسراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کے باوجود امریکا کی طرف سے حالیہ عشروںمیں پاکستان کو قابل ذکر تجارتی مراعات نہیں دی گئیں۔

وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے معاشی ویژن کے مطابق پاکستان اپنے تجارتی پارٹنروں سے امداد نہیں بلکہ تجارت کا خواہاں ہے۔ تجارتی مواقع میں اضافے کیلیے ضروری ہے کہ پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جائے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد وزارت تجارت اور امریکی تجارتی نمائندوں کے درمیان باقاعدہ طور پر ملاقات متوقع ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافے کے لیے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ملاقات میں امریکا میں جوائنٹ ایکشن پلان کے حوالے سے پاکستانی خواتین کی سپورٹ، امریکی سرکاری اداروں کی جانب سے پاکستانی کمپنیوں سے خریداری اور پرائیوئٹ انویسٹمنٹ پر اقدامات کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر تجارت نے امریکا کی طرف سے ان معاملات پر عملی اقدامات کا مطالبہ کیا، جس پرامریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ وہ اس موضوع پر امریکی حکام سے بات کریں گی۔
Load Next Story