سرمایہ کاروں کی سہولت کیلیے رابطہ کونسل بنانے کا فیصلہ

کونسل کا مقصدکاروبارکیلیے وفاقی،صوبائی وضلعی سطح پراین اوسی ویوٹیلٹی کنکشن کا حصول ہے

کونسل میں یوٹیلٹی کمپنیاں، ڈیسکوز، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے نمائندے شامل ہونگے، دستاویز۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے یوٹیلٹی کمپنیوں، ڈیسکوز، ضلعی انتظامیہ اور پولیس اتھارٹی کے نمائندوں پر مشتمل خصوصی رابطہ کونسل تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق مذکورہ اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر متعلقہ اداروں سے این او سی، یوٹیلٹی کنکشن کے حصول کے ساتھ زمین کے انتقال، نقشے سمیت دیگر ضروری قانونی و انتظامی پروسیجر کو کم سے کم وقت میں پورا کرانا ہے۔


ذرائع کے مطابق یہ تجویز زیر غور ہے کہ سرمایہ کاروں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے تمام قانونی و انتظامی کلیئرنس کی جلد ازجلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک کونسل تشکیل دی جائے جس میں متعلقہ اداروں اور اتھارٹیز سمیت یوٹیلٹی کمپنیوں کو نمائندی دی جائے اور جب کسی بھی سرمایہ کار کی طرف سے کاروبار شروع کرنے کے لیے فارم پر کرکے اس کونسل کو موصول ہو تو بجائے اس کے کہ ہر ادارے کے چکر لگائے جائیں۔

اس کونسل کے ذریعے تمام قانونی و انتظامی تقاضے پورے کیے جائیں اور اس کونسل کے ذریعے تمام پروسیجرز مکمل کرکے سرمایہ کار کو کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے کام شروع کردیا گیا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مسودہ تیار کیا جائے گا جس کے بعد پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا اور جون 2017 تک ملک بھر میں اس کو نافذ کیا جائے گا۔
Load Next Story