ناکامی پر برازیلین شائقین اپنی ٹیم سے بد دل ہوگئے

نیدرلینڈز سے میچ میں اورنج شرٹس زیب تن کیں، مہمان ٹیم کی فتح کا جشن بھی منایا

نیدرلینڈز سے میچ میں اورنج شرٹس زیب تن کیں، مہمان ٹیم کی فتح کا جشن بھی منایا۔ فوٹو: فائل

تیسری پوزیشن کے میچ میں شکست کے بعد برازیلی شائقین کو اپنی ہی ٹیم سے نفرت ہوگئی، کئی مقامی نوجوان مقابلے کے دوران نیدرلینڈز کی اورنج شرٹس میں ملبوس دکھائی دیے، اپنی ٹیم کی ناکامی پر ڈچ شائقین کے ہمراہ جشن بھی منایا۔


تفصیلات کے مطابق چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے کے خواب دیکھنے والی برازیلین ٹیم کا اپنے ہی ملک میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں ایسا حشر ہوا کہ خود اس کے اپنے شائقین اس سے نفرت پر مجبور ہوگئے، ابھی جرمنی کے ہاتھوں سیمی فائنل میں 1-7 کی ناکامی کا تلخ گھونٹ برداشت نہیں کرپائے تھے کہ تیسری پوزیشن کے میچ میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کی وجہ سے مقامی شائقین کی برداشت جواب دے گئی وہ برملا اپنی قومی ٹیم سے نفرت کا اظہار کرنے لگے۔ بعض نے تو تیسری پوزیشن کے میچ کے دوران ہی نیدرلینڈز کو سپورٹ کیا، ایک بزنس مین ڈیگو چائیر کا کہنا تھا کہ میں برازیل کا نہیں ڈچ سائیڈ کا سپورٹر ہوں اور اسی کی شرٹ پہن کر گھومتا رہا۔

میچ کے بعد مقامی نوجوانوں نے ڈچ شائقین کے ساتھ ایک کنسرٹ میں ڈانس کرکے ان کی ٹیم کا جشن بھی منایا۔ ایک 21 سالہ برازیلی فوجی فرانسسکو راموس نے کہا کہ یہ ایک انتہائی بدمزہ میچ تھا۔ ہاف ٹائم تک جب برازیل 0-2 کے خسارے میں گیا تو اسی وقت بڑی اسکرینز کے سامنے سے شائقین غائب ہونا شروع ہوگئے، انھیں اس بات کا خدشہ تھا کہ ایک بار پھر اپنی ٹیم کی جرمنی کے ہاتھوں جیسی درگت بنتے ہوئے نہ دیکھنا پڑجائے۔ سلواڈور کے ایک صحافی ہوگو لیٹے نے بھی ڈچ شرٹ پہن رکھی تھی، انھوں نے کہا کہ میں نہ تو ٹیم کو پسند کرتا ہوں نہ کوچ اور نہ ہی ان کے کھیل کو۔
Load Next Story