کامن ویلتھ گیمز پاکستان کی شرکت کا فیصلہ کل متوقع

عدالت سے اجازت ملنے کی صورت میں پاکستانی دستہ 21 جولائی کو گلاسگو روانہ ہو جائیگا

عدالت سے اجازت ملنے کی صورت میں پاکستانی دستہ 21 جولائی کو گلاسگو روانہ ہو جائیگا۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI:
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستے کی شرکت کا فیصلہ جمعے کو متوقع ہے،گذشتہ روزلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود کی عدالت میں بین الصوبائی وزارت برائے کھیل کے وکیل پیش ہوئے اور بتایا کہ حکومت چاہتی ہے کہ قومی دستہ میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی ضرور کرے۔

فاضل عدالت نے جنرل ( ر ) محمد اکرم ساہی سمیت دیگر عہدیداروں کو18 جولائی کو طلب کر لیا، ذرائع کے مطابق اسی روز قومی دستے کی کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی متوقع ہے، عدالت سے اجازت ملنے کی صورت میں پاکستانی دستہ 21 جولائی کو گلاسگو روانہ ہو جائیگا، یاد رہے کہ مقابلے23 جولائی سے اسکاٹ لینڈ میں شروع ہونگے،12 روز تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں پاکستان سمیت دنیا کے 71 ممالک کے دستے حصہ لیں گے،کامن ویلتھ گیمز میں 17 کھیلوں کے261 ایونٹس ہوں گے۔


ان میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، سائیکلنگ، ڈائیونگ، جمناسٹک، ہاکی، جوڈو، لان بائول، نیٹ بال، رگبی، شوٹنگ، اسکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، ٹرائتھلون، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ شامل ہیں، رنگارنگ افتتاحی تقریب سیٹلک پارک جبکہ اختتامی تقریب ہیمپڈن پارک میں منعقد ہوگی، پاکستان کو8 کھیلوں میں شرکت کرنی ہے تاہم کافی عرصے سے جاری پی او اے تنازع نے شرکت کے بارے میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بے یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے،گذشتہ دنوں حکومت پاکستان نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ ) عارف حسن کی سربراہی میں قائم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی قانونی حیثیت تسلیم کرلی۔

اسے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) بھی پاکستان کی نمائندہ مانتی آئی ہے، ماضی میں حکومت نے اسے تسلیم کرنے کے بجائے متوازی اولمپکس ایسوسی ایشن کی حمایت کو ترجیح دی جس کے سربراہ میجر جنرل ( ریٹائرڈ ) اکرم ساہی ہیں۔پی او اے تنازع کی وجہ سے پاکستان کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی مقابلوں میں شرکت سے پہلے ہی محروم ہوچکا ہے، اکرم ساہی کی ایسوسی ایشن نے حکومت کی طرف سے ان کی حمایت ترک کرنے اور عارف حسن کو نمائندہ تسلیم کیے جانے پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، اس پر عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے عارف حسن کی سربراہی میں قائم ایسوسی ایشن کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔

اس صورتحال میں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی شرکت کا معاملہ خطرے سے دوچار ہوتا ہوا دکھائی دینے لگاکیونکہ دستے کو 21 جولائی کو اسکاٹ لینڈ روانہ ہونا ہے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے جن کھیلوں اور کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی تھی بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے اس میں کمی کر دی،اب اطلاعات کے مطابق 83 ارکان کے بجائے 62 رکنی دستہ گیمز میں شرکت کرے گا۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی مرتب کردہ فہرست میں سائیکلنگ، جوڈو اور لان باؤل شامل تھے جنھیں اب خارج کردیاگیا،اس طرح اب پاکستان 8 کھیلوں میں حصہ لے گا، ان میں باکسنگ، ایتھلیٹکس، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، ٹیبل ٹینس، تیراکی اور شوٹنگ شامل ہیں۔
Load Next Story