آئی ڈی پیز کی امداد قذافی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کیلئے انتظامات مکمل

26 جولائی کوسینئر اور اے ٹیم کے مقابلے کو دیکھنے کیلیے18 ہزار شائقین کی آمد متوقع

26 جولائی کوسینئر اور اے ٹیم کے مقابلے کو دیکھنے کیلیے18 ہزار شائقین کی آمد متوقع۔ فوٹو: فائل

پاکستان سینئر اور اے ٹیموں کے درمیان آئی ڈی پیز کیلیے امدادی ٹوئنٹی 20 میچ قذافی اسٹیڈیم لاہورکی مصنوعی روشنیوں میں26 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

فنڈ ریزنگ مہم کے سلسلے میں میچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گذشتہ روز خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور نے کی، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی کنوینئر لاہور ڈویژن اسپورٹس میاں نصیر احمد، ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ملک وقار بھی موجود تھے۔


اجلاس میں ٹی 20میچ کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، لاہور میں 26 جولائی کو سیاستدان، شوبز اسٹارز اور کھیلوں کی دنیا کے نامور پلیئرزمقابلے میں شرکت کریں گے، میچ رات ساڑھے 10 بجے شروع ہوگا، اسپورٹس بورڈ پنجاب آئی ڈی پیز کی مدد کیلیے مزید تین میچز بھی کرائے گا،19جولائی کو راولپنڈی میں شاہدآفریدی اور حمزہ شہباز الیون کا مقابلہ ہوگا،بعد ازاں21اور 24 جولائی کو فیصل آباد اور ملتان میں مقابلے شیڈول ہیں،26 جولائی کو آخری میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی اسپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کیلیے فنڈز اکٹھے کرنے کی مہم میں لاہور ڈویژن اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، 18ہزار شائقین میچ دیکھنے کیلیے قذافی اسٹیڈیم آئیں گے، مخیر حضرات اسٹیج پر آ کرآئی ڈی پیز کی مدد کیلیے رقم کا اعلان کریں گے، اس موقع پر معروف کرکٹرزکے دستخط شدہ 3 بیٹ بھی نیلامی کیلیے رکھے جائیں گے، عید کے بعد شوبز الیون اور ایم اپی اے الیون کے درمیان مقابلے بھی زیرغور ہیں۔
Load Next Story