کراچی میں یوم علیؓ پر موبائل فون سروس بند کیے جانے کا امکان

مرکزی جلوس اورعزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے کراچی پولیس کے18ہزار افسران واہلکارڈیوٹی انجام دیں گے،پولیس

مرکزی جلوس اورعزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے کراچی پولیس کے18ہزار افسران واہلکارڈیوٹی انجام دیں گے،پولیس فوٹو: فائل

یوم حضرت علیؓ کے موقع پرجلوس اور عزاداروں کی حفاظت کیلیے کراچی پولیس نے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی۔

مرکزی جلوس اورعزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے کراچی پولیس کے18ہزار افسران واہلکارڈیوٹی انجام دیں گے،پولیس کی جانب سے یوم علیؓ کے موقع پرموبائل فون سروس بند کرنے کے لیے صوبائی حکومت سے درخواست کی گئی ہے جبکہ موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی پہلے ہی عائد کی جاچکی ہے۔کراچی پولیس کے سربراہ غلام قادرتھیبو نے روزنامہ ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی جانب سے 21 رمضان بروز اتواریوم حضرت علیؓ کے موقع پرسیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کوحتمی شکل دیدی گئی ہے۔


سیکیورٹی خدشات کے پیش نظریوم علیؓ کے موقع پرموبائل فون سروس بند کرنے کیلیے صوبائی حکومت سے درخواست کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیرمعمولی واقعے سے بچاجاسکے ، غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ یوم علیؓ کے موقع پر نشتر پارک سے برآمدہونے والے مرکزی جلوس کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہرکے مختلف علاقوں سے آنے والے عزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے اوراس حوالے سے کراچی پولیس کے15ہزار پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پرمامور کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک پولیس کے2 ہزار افسران و اہلکاروں کے علاوہ500سے زائد اسپیشل برانچ کے افسران واہلکار بھی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سادہ لباس میں موجودہوں گے۔

انھوں نے بتایا کہ نشتر پارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کی گزر گاہ میں آنے والے تمام ملحقہ راستوں کوسیل کر دیا جائے گااوربم ڈسپوزل اسکواڈسے سوئپنگ کے ساتھ ساتھ سراغ رساں کتوں کی بھی مددحاصل کی جائے گی،مرکزی جلوس ڈبل سیکیورٹی حصار میں اپنی منزل کی جانب جائے گاجبکہ سیکیورٹی کیلیے تعینات کیے جانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کوخصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں،جلوس کی گزر گاہ میں آنے والی بلند عمارتوں پر اسنائپرزکوتعینات کیا جائے گاجبکہ جدیددوربین اور کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔انھوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں ملنا کوئی نئی بات نہیں تاہم پولیس مکمل چوکس ہے اوردستیاب وسائل میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کی جدوجہد کررہی ہے۔
Load Next Story