گال ٹیسٹ اسٹین نے سری لنکن بیٹنگ کا شیرازہ بکھیر دیا

پروٹیز پیسر فلیٹ وکٹ پر بھی5پلیئرزکوٹھکانے لگانے میں کامیاب،میزبان نے283 پر9وکٹیں گنوا دیں

سری لنکا کو اب بھی 172رنز کے خسارے کا سامنا اور صرف ایک وکٹ باقی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

گال ٹیسٹ میں ڈیل اسٹین نے فلیٹ وکٹ پر سری لنکن بیٹنگ کا شیرازہ بکھیر دیا۔

پروٹیز پیسر کی تباہ کن بولنگ کے سبب میزبان نے283رنز پر9 وکٹیں گنوا دیں، اسٹین نے23ویں بار اننگز میں 5وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا،6سال سے زائد عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے اپل تھارنگا نے83 اور کپتان انجیلو میتھیوز نے89رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں، سری لنکا کو اب بھی 172رنز کے خسارے کا سامنا اور صرف ایک وکٹ باقی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے تیسرے دن میزبان نے 30رنز سے نامکمل پہلی اننگز کا آغاز کیا،مجموعے میں 9رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ پہلی وکٹ گر گئی۔


کوشل سلوا (8) نے اسٹین کے بائونسر پرہک کی کوشش میں وکٹ گنوا دی، لانگ لیگ پر فلینڈر نے ڈائیو لگا کر شاندارکیچ وصول کیا، تھارنگا نے کمار سنگاکارا کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں کے درمیان59رنز کی شراکت مورکل نے سنگاکاراکی 24پر وکٹیں اڑا کر توڑی، 6 رنز کے اضافے سے میزبان ٹیم کو ایک اور اہم وکٹ گنوانا پڑی، مہیلا جے وردنے (3)کے پیڈز پر جب اسٹین کے یارکر پرگیند لگی تو امپائر نے انگلی اٹھانے میں تاخیر نہ کی، ریویو بھی بیٹسمین کی قسمت نہ بدل سکا۔ تھارنگا پُراعتماد انداز سے کھیلتے رہے تاہم سنچری کی جانب ان کے بڑھتے قدم ڈومنی نے روک دیے، 83کے اسکور پر انھوں نے ایک گیند کو باہر نکل کر کھیلنا چاہا مگر بیٹ ہوگئے۔

وکٹ کیپر ڈی کاک نے پلک جھپکتے بیلز اڑا کر تھارنگا کو واپسی پر مجبور کر دیا،لاہیرو تھریمانے اور کپتان انجیلو میتھیوز نے54رنز کی پارٹنر شپ سے ابتدائی نقصانات کا کچھ ازالہ کیا،مگر پھر11رنز کے دوران3 وکٹیں اڑا کر اسٹین نے کاری ضرب لگا دی، تھریمانے (38) کا کیچ وکٹوں کے عقب میں ڈی کاک نے وصول کیا، چندیمل 6 رنز پر مڈ وکٹ پر موجود پیٹرسن کا کیچ بنے، دلروان پریرا کے بیٹ کو چھو کر جب گیند ڈی کاک کے گلوز میں پہنچی تو وہ کوئی رن بھی نہیں بنا سکے تھے۔

201پر7وکٹیں گرنے کے بعد میتھیوز ڈٹ گئے، انھوں نے ٹیل اینڈر رنگانا ہیراتھ کیساتھ71 رنز کی شراکت بنائی،کپتان89رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد عمران طاہر کی گیند پر بولڈ ہو گئے، سورنگا لکمل (6) نے مورکل کو دوسری وکٹ اور ڈی کاک کو تیسرے کیچ کا موقع دیا، انکے آئوٹ ہوتے ہی کھیل ختم ہوگیا،ہیراتھ12رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، سری لنکا نے 100اوورز میں 9 وکٹ پر283 رنز بنائے،اسے اب بھی 172 کے خسارے کا سامنا ہے، اسٹین نے 5 وکٹوں کیلیے 50رنز دیے۔
Load Next Story