ملک میں اسلحے کی نہیں سیاسی و معاشی دہشت گردی ہے سراج الحق

حکمرانوں نے 18کروڑ عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے، وی وی آئی پی کلچر کواٹھا کرزمین پرپٹخنےکی ضرورت ہے، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی سراج الحق ادارہ نور حق میں دعوت افطار سے خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اسلحہ کی نہیں بلکہ سیاسی اور معاشی دہشت گردی ہے،جس نے 18کروڑ عوام کویرغمال بنایا ہوا ہے۔

کراچی میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ تحفظ پاکستان بل کالا قانون ہے صحافی، وکلا اورسول سوسائٹی اس کالے قانون کیخلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی کاساتھ دیں، عوام کل بھی غربت مہنگائی، بیروزگاری جیسے مسائل کا شکار تھے عوام آج بھی بھی ان ہی مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں۔ وی وی آئی پی کلچر کو اٹھا کر زمین پرپٹخنے کی ضرورت ہے۔


سراج الحق نے کہا کہ ہمیشہ شہری ووٹ تبدیلی کے لیے استعمال کرتاہے بہتری اور اصلاح کے لیے تبدیلی چاہتا ہے لیکن کتنے بار الیکشن کے موسم آئے اور انقلاب آیا اورگزرگیا، الیکشن کے بعد سیاسی مداریوں اور سیاسی برہمنوں کی زندگی میںتبدیلی ضرورآتی ہے لیکن عوام کی حالت آج بھی نہیں بدلتی عوام کل بھی غربت مہنگائی، بیروزگاری اوردہشت گردی جیسے مسائل کاشکار تھے عوام آج بھی بھی ان ہی مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں یہاں جوطبقہ مسلط ہے وہ نام اور پارٹیاں بدل بدل کر عوام کے سامنے آجاتاہے لیکن ان کاکرداروہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج بھی غریب کا بیٹا اسکول جانے سے محروم ہے سائیکل کی دکان پر پنکچر لگاتا ہے،خود کشی کرنے پرمجبور ہے ،دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے،اس ملک میں ہرچیز مہنگی ہے صرف موت سکتی ہے،تابوت اورکفن کا کاروبار عروج پرہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہاں سیاست چند خاندانوں کے گردگھومتی ہے، انگریزوں، بادشاہوں کے دور میں بھی اورآج بھی چند خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی اداروں کو اداروں کولوٹنے کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، بینکوں کولوٹاجا رہا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ مشرف کے دورمیں بھی خارجہ پالیسی بیرونی اشاروں پر تشکیل دی جاتی تھی اورآج بھی یہی ہو رہا ہے۔ جنرل مشرف نے دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں شرکت کا فیصلہ ڈالروں کے عوض کیا لیکن عوام کو کچھ نہیں ملا ۔انھوں نے کہا کہ عوام ووٹ کے ذریعے سانپوں کو اژدھا بناتے ہے جب وہ کاٹنا شروع کرتے ہیں تو پھر ان سے نجات کی دہائی دیتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ رمضان رحمت ، مغفرت اور جہنم کی آگ سے نجات کا ذریعہ ہے ہماری سیاست یہی ہے کہ انبیائے کرام کا مشن کس طرح پورا کیا جائے ۔ میں اور آپ جنت میں جانے کے متلاشی ہیں، میں خود اورآپ کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ خود کو اللہ کے نور سے منور کر لیں۔ افطار ڈنر سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے بھی خطاب کیا ۔
Load Next Story