کراچی سمیت ملک بھر میں5بچے پولیو سے متاثر

گڈاپ کےرہائشی حمزہ کو5 بارخوراک پلائی گئی، بچے کو گزشتہ 6 مہمات میں سے صرف ایک میں پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے گئے ہیں

امسال سندھ میں9 بچے پولیو وائرس سے متاثر ہوئے،شمالی وجنوبی وزیرستان کے4بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی،گرمی میں وائرس کاحملہ تیز ہوجاتا ہے فوٹو: فائل

FAISALABAD:
کراچی سمیت ملک بھر میں ایک ہی دن میں پولیوکے 5 نئے کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

جس کے بعد سندھ میں رواں برس پولیوکیسوں کی تعداد 9 اور ملک بھر میں 99 ہوگئی ہے،کراچی میں رہائش پذیر 21 ماہ کا حمزہ ولد ذبیح اللہ پولیو وائرس کا شکار ہوکر معذور ہوگیا ہے اور ہفتہ ہی کے دن شمالی اور جنوبی وزیرستان کے 4 معصوم بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جنھیں پولیو کے قطرے نہیں پلائے جاسکے تھے،تفصیلات کے مطابق گڈاپ ٹاؤن کے علاقے میں 21 ماہ کے حمزہ ولد ذبیح اللہ پولیو وائرس سے متاثر ہوکر معذور ہوگیا ہے۔


بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے صوبائی پروگرام ای پی آئی کی ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر درناز جمال قاضی کے مطابق متاثرہ بچہ کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن کی یونین کونسل نمبر 8 کا رہائشی ہے اس کی عمر 21 ماہ ہے بچہ پختون خاندان سے تعلق رکھتا ہے، بچے کی روٹین ویکسی نیشن صفر ہے تاہم اس نے پولیو سے بچاؤ کی 5 خوراکیں پی ہوئی ہیں، انسداد پولیو کی گزشتہ 6 مہمات میں سے صرف ایک کے دوران بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، ڈاکٹر درناز نے بتایا کہ نئے کیس کے سامنے آنے کے بعد اس سال سندھ میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 9 ہو گئی ہے، قومی ادارہ صحت (نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ) نے پاکستان میں مزید 5 نئے پولیو کیسز کی تصدیق کی ہے۔

شمالی وزیرستان میں بھی پولیو کے 2 نئے کیس سامنے آئے ہیں شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے علاقے ماداخیل کا 2 سالہ جاء الحق ولد نور داد خان اورشمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے علاقے مامرزا منظرخیل کی 18ماہ کی مریم بنت خالق نواز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کا 18ماہ کا فیاض ولد عبد الغفور اور جنوبی وزیرستان کی تحصیل لکی مروت کی 2 سالہ مائرہ بنت نعمت اللہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

چاروں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک نہیں پلائی گئی ہے، ادھر ماہرین طب کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی شدت میں اضافے کے ساتھ پولیو وائرس کے حملے میں تیزی آجاتی ہے اور وائرس کے پھیلنے کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے جس سے 5 سال کی عمر کے بچوں کے متاثر ہونے کے واضح امکانات ہوجاتے ہیں۔
Load Next Story