گال ٹیسٹآملا کا فیصلہ جنوبی افریقہ کے گلے پڑنے لگا

کپتان نے جراتمندانہ ڈیکلریشن سے حیران کردیا،سری لنکا نے ایک وکٹ پر110رنز بنالیے

گال ٹیسٹ: سری لنکن پلیئر کوشل سلوا جنوبی افریقی پیسر اسٹین کے بائونسر کو ڈک کررہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکا اورجنوبی افریقہ کے درمیان گال ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، پروٹیز قائد ہاشم آملا کی جانب سے جراتمندانہ ڈیکلریشن کا فیصلہ پروٹیزکے گلے پڑنے لگا۔

آئی لینڈرز نے 370 ہدف کے جواب میں صرف ایک وکٹ پر 110 رنز بنالیے، فتح کیلیے مزید 260 رنز درکار جبکہ کھیلنے کیلیے 90 اوورز اور 9 وکٹیں باقی ہیں،کیریئر کی49ویں ففٹی مکمل کرنے والے کمار سنگاکاراکے ساتھ کوشل سلوا 37 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، اس سے قبل مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 206 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، ابراہم ڈی ویلیئرز نے51 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے نئے کپتان ہاشم آملا کی جانب سے مسلسل دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے سے گال ٹیسٹ کی صورتحال کافی دلچسپ ہوگئی۔


سری لنکا کو انھوں نے 120 سے زائد اوورز میں 370 رنز کا ہدف دیا، ان کے سامنے یہ حقیقت موجود تھی کہ اب تک کوئی بھی گال میں چوتھی اننگز میں300 سے زائد رنز نہیں بنا پایا، البتہ کمارسنگاکارا اور کوشل سلوا نے اننگز کا مضبوط آغاز کرکے پروٹیز کے دلوں کی دھڑکنیں تیز کردی ہیں، جنوبی افریقہ کوپہلی خوشی منانے کا موقع جلد ہی مل گیا جب تیسرے ہی اوور میں ڈیل اسٹین کی گیند پر اپل تھارنگا صرف 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، آؤٹ سائیڈ آف فل لینتھ ڈلیوری کے سامنے سے تھارنگا بروقت بیٹ نہیں ہٹاپائے۔

انھوں نے انتہائی خوف کے عالم میں پیچھے مڑ کر دیکھا جہاں کونٹین ڈی کاک بائیں جانب ڈائیو لگا کر خوبصورتی سے کیچ تھام رہے تھے۔ جب چوتھے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا نے ایک وکٹ پر 110 رنز بنالیے تھے، کمارسنگاکارا 58 اور کوشل سلوا 37 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں کے درمیان 96 رنز کی شراکت ہوچکی، اب پانچویں روز آئی لینڈرز کو خسارے میں جانے کے باوجود فتح حاصل کرنے کیلیے9 وکٹوں کی موجودگی میں مزید 260 رنز بنانے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز 6 وکٹ 206 رنز پرڈیکلیئرڈ کی، ڈی ویلیئرز51 ، فاف ڈو پلیسی37 اور ڈی کاک36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، دلروان پریرا نے 4 اور رنگانا ہیراتھ نے 2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story