سندھ ہائیکورٹ نے حیدرآباد ایوان تجارت کے انتخابات روک دیے

اے ایس آٹو انڈسٹری کے عبدالستار و دیگر کی درخواست پر عدالت عالیہ نے26 ستمبر تک حکم امتناعی جاری کر دیا.

ہفتے کو پولنگ سے کچھ ہی دیر قبل چیمبر انتظامیہ نے حکم امتناعی کی کاپی عمارت کے داخلی دروازے پر چسپاںکر دی. فوٹو: ایکسپرس

حیدرآباد ایوان تجارت و صنعت کے ہفتہ کے روز ہونیوالے الیکشن عدالت عالیہ کے حکم پر روک دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کارپوریٹ کلاس کی 6 اور ایسوسی ایٹ کلاس کی 6 خالی نشستوں پر ہفتہ کے روز الیکشن ہونا تھے۔

جس کی تمام تیاریاں مکمل تھیں تاہم پولنگ شروع ہونے سے کچھ ہی دیر قبل چیمبر انتظامیہ نے سندھ ہائی کورٹ کراچی بینچ کے جاری کردہ اسٹے آرڈرکی کاپی چیمبر کی عمارت کے داخلی دروازے پر چسپاں کر دی کہ عدالت عالیہ کے حکم پر الیکشن روکا جا رہا ہے۔


ایوان کے اعلامیے کے مطابق اے ایس آٹو انڈسٹری کے عبدالستار و دیگر نے سندھ ہائی کورٹ کراچی بنچ میں چیمبر میں بوگس ووٹر لسٹ کے حوالے سے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت عالیہ نے26 ستمبر تک اسٹے آرڈر جاری کیا ہے۔

چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدر ضیاء الدین نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ چیمبر کے صدر کو ہفتے کی صبح کورٹ آرڈر موصول ہوا جس کے بعد الیکشن روک دیے گئے۔ دوسری طرف الیکشن روکے جانے کے بعد تاجر دوست پینل و بزنس مین پینل (امین کھتری گروپ) نے مخالف گروپ کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں امیدواروں سمیت تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر نعرے بھی لگائے گئے۔ مقررین نے کہا کہ چیمبر کی انتظامیہ کو اسٹے آرڈر سے متعلق جمعرات کو علم تھا کیونکہ چیمبر کی موجودہ انتظامیہ کے ایماء پر ہی یہ اسٹے لیا گیا ہے لیکن انھوں نے اپنے اراکین سے بھی دھوکا دہی کی اور انہیں آگاہ نہیں کیا اور گزشتہ شب تک میٹنگز کیں اور صبح چیمبر کو تالے لگا کر اسٹے کی کاپی چسپاںکر دی گئی اور اس کے ساتھ ہی چیمبر کے ملازمین کو بھی جبری چھٹیوں پر بھیج دیا گیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کے تاجر حاجی یعقوب اور امین کھتری کے ساتھ ہیں اور وہ چیمبر اور حیدرآباد کے تاجروں و صنعتکاروں کو مصنوعی قیادت سے جلد نجات دلائیں گے۔
Load Next Story