کراچی اسٹاک مارکیٹ انڈیکس پہلی بار 30413 پوائنٹس پر پہنچ گیا

غیرملکیوں کی جانب سے55 لاکھ 85 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری، انڈیکس میں188 پوائنٹس کااضافہ

160کمپنیوں کی قیمتیں بلند،156کے دام نیچے،مارکیٹ سرمایہ 42 ارب 33کروڑروپے بڑھ گیا، کاروباری حجم41فیصدزائد،19کروڑ37لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

اقتصادی سطح پر مثبت پیشگوئیوں کے بعد غیرملکیوں کی سیمنٹ اور آئل سیکٹر میں وسیع سرمایہ کاری دلچسپی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس30400 پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔


تیزی کے باعث46.51 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید42 ارب33 کروڑ58 لاکھ7 ہزار341 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ عالمی ریٹنگ کمپنی کی پاکستانی معیشت سے متعلق مثبت پیشگوئیوں اور مقامی سیمنٹ انڈسٹری کی کول پاورجنریشن پر منتقلی کے منصوبوں کی وجہ سے اس شعبے میں غیرملکیوں کے ساتھ مقامی انویسٹرز کی خریداری دلچسپی بڑھ گئی ہے جس سے مارکیٹ کی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر1 کروڑ30 لاکھ 95 ہزار883 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا۔

لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ پورے کاروباری دورانیے میں مثبت زون میں رہی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے55 لاکھ85 ہزار850 ڈالر، میوچل فنڈز57 لاکھ84 ہزار697 ڈالر اوراین بی ایف سیز کی جانب سے 17 لاکھ 25 ہزار335 ڈالرکی سرمایہ کاری کی جس سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن رہا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 188.34 پوائنٹس بڑھ کر ریکارڈ 30413.23 ہوگیا،کے ایس ای30 انڈیکس155.56 پوائنٹس اضافے سے21179.70 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 389.54 پوائنٹس کے اضافے سے49600.13 ہو گیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت41.27 فیصد زائد رہا،19 کروڑ37 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیاں344 کمپنیوںپر مشتمل رہیں جن میں160 کے بھائو میں اضافہ، 156 کے دام میں کمی اور28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story