املاک نذرآتش کرنیوالے 63 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ

انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7کے تحت مقدمات درج، 26ستمبرتک پولیس کے حوالے

انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7کے تحت مقدمات درج، 26ستمبرتک پولیس کے حوالے۔ فوٹو: فائل

گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کے موقع پر نجی بینکوں ، سینما گھروں ، غیر ملکی ریستوران کو آگ لگانے اور فائیو اسٹار ہوٹل کے شاپنگ سینٹر میں لوٹ مار کرکے دہشت پھیلانے کے الزامات میں کراچی جنوبی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیے گئے 63ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیاگیا۔

بوٹ بیسن ، سول لائنز،کھارادر، اورپریڈی پولیس اسٹیشنوں کی حدود سے گرفتار کیے گئے55ملزمان کو 26ستمبر تک پولیس کی تحویل میںدیا گیا ہے جبکہ نبی بخش پولیس اسٹیشن کی حدود سے گرفتار کیے گئے 8ملزمان کو 25ستمبر تک پولیس کی تحویل میں دیا گیا ہے۔ ہفتے کو پولیس نے مجموعی طور پر 63ملزمان کو سخت حفاظتی انتظامات میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت واقع سلطان آباد پیش کیا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت IIIکے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت 01کے سربراہ بشیر احمد کھوسو نے انچارج جج کی حیثیت سے ملزمان کا ریمانڈ دیا۔


فاضل جج نے ایک موقع پر آبزرو کیا کہ ملزمان کے خلاف جلائو گھیرائو کے معمولی الزامات ہیں جو دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتے تاہم اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر عبدالمعروف نے موقف اختیارکیا کہ دھماکا خیز مواد کی مدد سے بینکوںاور سینمائوں میں آگ لگائی گئی یہ عمل دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے ، انھوں نے ایف آئی آر کے متن پڑھتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 147,148,149,353,324,435,427/34 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں ، ملزمان سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے کہ انھوں نے کن قوتوں کے ایماء پر شہر میں دہشت گردی مچائی۔

انھوں نے بینکوں ، غیر ملکی ریستوران اور سینمائوں کو جلاکر دنیا بھر میں پاکستان کا نام رسواکیا،پولیس پر فائرنگ کی گئی ، پولیس موبائلوں کو جلایا گیا، یہ معمولی جرائم نہیں ہیں۔بوٹ بیسن پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 475/12کے مطابق 22ملزمان عبدالمتین ، محمد عابد، سیف اللہ ، گلزار، ہارون ، عبدالخالق، ارشد، طاہراسد، ولی اللہ ، محمد رحمان، صدام حسین ، امین اللہ ، سمیع اللہ ، بشیر احمد ، محمد فیصل ،زبیر، تیمور،انیس گل ، ریاض خان ، عبدالرحیم ،کلیم اللہ اور غلام حیدر مائی کلاچی روڈ کے قریب پولیس موبائلیں جلانے ، پولیس پرحملوں اور جلائو ، گھیرائو، آتشزنی کے الزامات میں ملوث ہیں جبکہ پریڈی پولیس اسٹیشن سے محمد یونس، صادق ، محمد عرفان ، بخت علی ، نصراللہ ، شمس الدین اورامتیاز سمیت 13ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے۔

ان پر ایم اے جناح روڈ اور صدر میں بمبینواور کیپری سینما سمیت مختلف مقامات پر جلائو، گھیرائو اور آگ لگانے کے الزامات ہیں ،ان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 534/12درج کی گئی ہے ، سول لائنز پولیس اسٹیشن میں 4ملزمان اسد بلوچ، عظیم ، ثاقب اور عدنان کے خلاف پی آئی ڈی چوک پر پولیس موبائلوں ، غیر ملکی فوڈ ریستوران ، بینکس اور فائیواسٹار ہوٹل کے شاپنگ ایریا میں لوٹ مار کے الزامات میں ایف آئی آر نمبر 86/12درج کی گئی ہے ،کھارادر پولیس اسٹیشن میں 16ملزمان کے خلاف میری ویدر ٹاور کے قریب جلائو ،گھیرائو اور پولیس پر حملوں کے الزام میں عابد علی ، اکرام الحق ، زاہد ، عمرفاروق، نعمان اور محمد اقبال وغیرہ کے خلاف ایف آئی آر نمبر 324/12درج کی گئی ہے ،ان ملزمان کو 26ستمبر تک پولیس کی تحویل میں دیا گیا ہے جبکہ نبی بخش پولیس اسٹیشن کی حدود میں دو سینمائوں سمیت دیگر املاک کو آگ لگانے سمیت دیگر الزامات میں غلام یاسین ، قیصر احمد، شاکر سمیت 8ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 207/12درج کی گئی ہے، ان ملزمان کو 25ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیاگیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story