تمام کوچنگ پوزیشنزپرتقرریوں کے بعد انضمام ’’دستیاب‘‘

جب بھی کرکٹ بورڈ نے بلایا اسکواڈ کو جوائن کرنے کیلیے تیار ہوں گا، سابق کپتان

جب بھی کرکٹ بورڈ نے بلایا اسکواڈ کو جوائن کرنے کیلیے تیار ہوں گا، سابق کپتان فوٹو: فائل

PARIS:
کوچنگ کی تمام پوزیشنز پر تقرریوں کے بعد انضمام الحق نے خود کو''دستیاب'' قرار دے دیا،۔


سابق کپتان کے مطابق بورڈ جب چاہے وہ قومی اسکواڈ کو جوائن کرنے کیلیے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کچھ عرصے قبل پی سی بی نے سابق کپتان انضمام الحق کو بیٹنگ کوچ بنانے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، مگر وہ درخواست دینا نہیں چاہتے تھے، طریقہ کار پر عمل نہ کرنے کے سبب ان کا تقرر نہ ہو سکا اور سابق زمبابوین ٹیسٹ کرکٹر اینڈی فلاور نے یہ پوزیشن سنبھال لی، انضمام کے سابق ٹیم میٹس اور دوست وقار یونس چیف اور مشتاق احمد بولنگ کوچ بن چکے ہیں، گذشتہ دنوں تربیتی کیمپ میں ان تمام نے مل کرقومی کرکٹرز کی رہنمائی کا فریضہ نبھایا، ٹیم کو اگست کے پہلے ہفتے میں سری لنکا کے دورے پر جانا ہے۔گذشتہ دنوں ملتان میں ''ایکسپریس ٹریبیون'' کو انٹرویو میں سابق عظیم بیٹسمین انضمام الحق نے کہا کہ میں قومی ٹیم کی کوچنگ کیلیے دستیاب ہوں۔

جب بھی بورڈ نے مجھے بلایا اسکواڈ کو جوائن کرنے کیلیے تیار ہونگا۔ اس موقع پر دیگر امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ قومی ٹیم میں شامل ہونے کا واحد راستہ سخت محنت اور میرٹ ہے، کرکٹ یا ملکی سیاست ہو کامیابی کاکوئی شرٹ کٹ نہیں ہوتا، میرٹ پر عمل درآمد سے نہ صرف کھیل کا معیار بلکہ جوش و جذبہ بھی بڑھتا ہے، اس سے ہر باصلاحیت شخص کے اعتماد میں اضافہ اور ہمارے محبوب کھیل کو استحکام ملتا ہے۔ انھوں نے قومی کرکٹ کو ڈسٹرکٹ لیول پر مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ واضح رہے کہ انضمام نے گذشتہ دنوں ملتان میں آئی ڈی پیز کے امدادی میچ میں بھی حصہ لیا تھا، انھیں پاکستان کی جانب سے جاوید میانداد کے بعد سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
Load Next Story