اسپنرزکے سامنے پروٹیزبیٹنگ کی خامیاں ایک بار پھر عیاں

کولمبوٹیسٹ میں پریرا اورہیراتھ نے 9 وکٹوں کا بٹوارا کر کے جنوبی افریقن ٹیم کو 282 پر ٹھکانے لگا دیا

کولمبوٹیسٹ میں پریرا اورہیراتھ نے 9 وکٹوں کا بٹوارا کر کے جنوبی افریقن ٹیم کو 282 پر ٹھکانے لگا دیا فوٹو : اے ایف پی

اسپنرز کے سامنے جنوبی افریقی بیٹنگ کی خامیاں ایک بار پھر عیاں ہو گئیں، کولمبو ٹیسٹ میں دلروان پریرا اور رنگانا ہیراتھ نے 9وکٹوں کا بٹوارا کر کے حریف کو282رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔

آف اسپنر نے کیریئر میں دوسری بار5 پلیئرز کو آئوٹ کیا، لیفٹ آرم سلو بولر کے حصے میں4 وکٹیں آئیں، ہاشم آملا نے ناقابل شکست139کی اننگز سے مہمان سائیڈ کو فالوآن سے بچایا، دیگر کوئی بیٹسمین کپتان کا ساتھ نہ دے سکا،139رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی میزبان سائیڈ نے اختتام تک بغیر وکٹ کھوئے11رنز بنائے، یوں مجموعی برتری150ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس سی میں تیسرے دن ابتدائی سیشن میں آملا نے ڈی ویلیئرز کے ساتھ مل کر اسکور150 تک پہنچایا۔


اس دوران 30 رنز پر گیند ڈی ویلیئرز کے بیٹ کو چھو کر وکٹ کیپر کے گلوز میں محفوظ ہوگئی، مگر ری پلیز سے ظاہر ہوا کہ بال ڈکویلا سے چند انچ قبل بائونس ہو چکی تھی،79رنز کی یہ شراکت پریرا نے توڑی، ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل ڈی ویلیئرز نے37رنز بنائے، اسی اوور کی آخری گیند ڈی کاک (صفر) وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، یوں پروٹیز سخت دبائو کا شکار ہو گئے، آملا کا عمدہ کھیل جاری رہا مگر دوسرے اینڈ سے مدد نہ مل سکی، ڈومنی (3) نے ہیراتھ کی گیندکو آگے بڑھ کر کھیلنا چاہا مگر ڈکویلا نے فوراً بیلز اڑا کر انھیں اسٹمپڈ کر دیا، فلینڈر کی 9رنز پر پریرا نے وکٹیں اڑائیں، ڈیل اسٹین کے ساتھ 47رنز کی پارٹنر شپ کے دوران آملا کیریئر میں 22بار تھری فیگر اننگز سجانے میں کامیاب رہے۔

قبل ازیں 93 رنز پر کوشل سلوا نے ایکسٹرا کور پر ان کا کیچ ڈراپ کیا تھا، ہیراتھ نے اسٹین (30)کو سنگاکارا کی مدد سے میدان بدر کیا، انھیں 19رنز پر اسٹمپڈ کرنے کا نادر موقع ڈکویلا گنوا چکے تھے،ہیراتھ نے عمران طاہر (15) کی بھی وکٹ لی، کیچ تھارنگا نے تھاما، مورکل (صفر) نے پریرا کی پانچویں وکٹ بنتے ہوئے سلوا کوکیچ دیا، ہیراتھ نے چار پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، جنوبی افریقی اننگز کا282 رنز پر اختتام ہوا، ایک اینڈ پر جم جانے والے آملا بوجھل قدموں سے ناقابل شکست پویلین واپس گئے، انھوں نے 382 گیندوں پر درجن بھر چوکوں کی مدد سے139رنز بنائے، پہلی اننگز میں 139کی برتری حاصل کرنے والی سری لنکن ٹیم نے کھیل ختم ہونے تک وکٹ کھوئے بغیر11رنز اسکور کیے، تھارنگا6اور سلوا5پر ناٹ آئوٹ رہے۔
Load Next Story