کراچی؛ گلشن معمار میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچیوں سمیت 6 خواتین جاں بحق

زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گلشن معمار فاطمہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے، ریسکیو حکام

(فوٹو: فائل)

کراچی:

گلشن معمار کے علاقے جنجال گوٹھ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچیوں سمیت 6 خواتین جاں بحق اور دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جنجال گوٹھ میں مکان کی چھت گرنے سے 10 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 6 نے دم توڑ دیا۔

ریسکیو نے بتایا کہ حادثے کے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گلشن معمار فاطمہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچیاں اور 3 خواتین شامل ہیں اور متاثرہ گھر میں مہمان آئے ہوئے تھے۔

پولیس نے  گھر کی چھت گرنے سے 3 خواتین اور 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 4 افراد زخمی بھی ہیں۔

مزید بتایا کہ متاثرہ گھر پر لینٹر کی چھت تھی اورچھت پر کام جاری تھا اسی دوران چھت ریتی اور بجری کا وزن برداشت نہیں کرسکی اور بیٹھ گئی جبکہ زیرتعمیرگھر میں فیملی رہائش پذیر تھی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

Load Next Story