کراچی اسٹاک مارکیٹ قبل از عید منافع کا حصول 160 پوائنٹس گرگئے

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ نہ کیے جانے کی اطلاعات پرآئل سیکٹر میں فروخت، انڈیکس 1حد کھوکر30314 پوائنٹس پر بند

بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں گھٹ گئیں،32ارب کا نقصان، کاروباری حجم میں 100فیصد کمی،10کروڑ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

عیدالفطر کی تعطیلات سے قبل پیر کے روز کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست پرافٹ ٹیکنگ دیکھی گئی جس کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 160.68 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک نفسیاتی حد کھوتے ہوئے30474 پوائنٹس سے گھٹ کر 30314.07 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں مندی کے باعث سرمائے کے حجم میں 32ارب روپے سے زائد کی کمی دیکھی گئی اور مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم 71 کھرب 53ارب روپے کی سطح سے گھٹ کر 71 ارب 20 ارب روپے کی سطح پر آگیا، عیدالفطر کے باعث مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے گزشتہ روز زبردست پرافٹ ٹیکنگ دیکھی گئی اور کاروباری حجم میں 100 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی، سرمایہ کاروں نے آئندہ ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیے جانے کی اطلاعات پر آئل سیکٹر کے حصص کی فروخت کو ترجیح دی۔


گزشتہ روز کاروباری حجم میں 11 کروڑ 45 لاکھ سے زائد حصص کی کمی دیکھی گئی اور کاروباری حجم 21 کروڑ حصص کی سطح سے گر کر 10کروڑ حصص کی سطح پر آگیا، ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس انڈیکس میں 152 پوائنٹس کی کمی جبکہ بینکنگ انڈیکس میں72پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا،مجموعی طور پر 313 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 116 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 176 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق عید الفطر کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کا زبردست رجحان دیکھا گیا جبکہ دوسری جانب آئندہ ماہ کیلیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیے جانے کے فیصلے کے بعد بھی سرمایہ کاروں نے آئل سیکٹر کے حصص کی فروخت کو ترجیح دی جس نے کاروباری حجم کو کافی حد تک گرا دیا۔

ایکسائیڈ اور ہنو پاک موٹر کے حصص کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں ایکسائیڈ کے حصص کی قیمت 26.11 روپے کے اضافے سے 548.43 اور ہینو پاک موٹر کے حصص کی قیمت 25.56 روپے کے اضافے سے 536.79روپے رہی جبکہ وائتھ پاک کے حصص کی قیمت 188.05روپے کمی سے 3577.80 اور آئی لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 46.90روپے کمی سے 895روپے رہی، کے ایس ای 30 انڈیکس112پوائنٹس کی کمی سے 21081 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 101پوائنٹس گھٹ کر 22264 پوائنٹس پر بند ہوا۔
Load Next Story