بھارتی ایئر لائنز کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے کتنا نقصان پہنچا؟
بھارتی ایئر لائنز کیلئے پاکستانی فضائی حدود پر پابندی کو ایک ہفتہ مکمل ہوگیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پابندی عائد ہونے سے دہلی، امرتسر، لکھنئو، بنگلور اور ممبئی سمیت دیگر ایئر پورٹس سے اڑان بھرنے والی پروازوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پابندی کی وجہ سے اب تک 850 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوئی ہیں جس میں یورپ، امریکہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک جانے اور آنے والی پروازوں کی تعداد زیادہ ہے۔
ذرائع کے مطابق فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو پونے دو ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچ چکا ہے۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے بھارتی ایئر لائن پر ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کی ہوئی ہے۔