طاہر القادری کے سرگرم ساتھیوں کو40 کروڑ روپے ٹیکس ادائیگی کا حکم

16سے زائدرہنماؤں نے نوٹس کے باوجوددستاویزات فراہم نہیں کیں، بینک اکاؤنٹ منجمد،جائیدادضبط ہوسکتی ہے،ایف بی آرذرائع

منہاج القرآن کے 2اکاؤنٹس میں ڈالر،یورومیں رقوم بھی منتقل ہوئیں،جن افرادکیخلاف چھان بین ہوئی ان میں طاہرالقادری شامل ہیں فوٹو: فائل

ایف بی آر نے ٹیکس چوری میں ملوث ادارہ منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے16 سے زائد سرگرم رہنماؤں کیخلاف 40 کروڑ روپے ٹیکس واجبات کی ریکوری کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

ایف بی آرکے سینئر افسر نے ''ایکسپریس''کو بتایا کہ بورڈ کی طرف سے آمدنی چھُپا کر ٹیکس ادا نہ کرنے پر ادارہ منہاج القرآن کے 16 سے زائد سرگرم رہنماؤں کو ٹیکس چوری کرنے پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کی سیکشن122(1) اور 122(5)کے تحت نوٹس جاری کیے گئے تھے مگر ان رہنماؤں کی طرف سے کسی قسم کی دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔ 23 جون 2014 کو مذکورہ ٹیکس دہندگان کو دوبارہ مہلت دی گئی اور دس جولائی 2014تک ثبوت اور ریکارڈ فراہم کرنے کا کہا گیا تھا مگر مذکورہ مدت کے دوران بھی ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ٹیکس بچانے کیلیے چھُپائی گئی آمدنی کے بارے میں کچھ بتایا گیا جس پرتیسری مہلت دی گئی اور اٹھارہ جولائی تک موقع دیا گیا مگر اس کے باوجودعملدرآمد نہیں کیا گیا ۔


ان افراد سے بینک اکاؤنٹس اوراکھٹے کئے جانے والے عطیات و خیرات کی رقوم کی منتقلی سے متعلق ریکارڈ مانگا گیا تھا اور واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ مذکورہ ٹیکس دہندگان کا آڈٹ کیا جائیگا اورکسی قسم کی گڑ بڑ پر ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ایف بی آرکے مذکورہ افسر نے بتایا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اسیسمنٹ آرڈر جاری کیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا اگر ٹیکس واجبات جمع نہ کروائے گئے تو مذکورہ افرادکے بینک اکاؤنٹس منجمدکردیے جائیں گے اور جائیداد بھی ضبط کی جاسکے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ادارہ منہاج القرآن کے ایچ بی ایل ماڈل ٹاؤن لاہورکے بینک اکاؤنٹ نمبر0545-79000672-10 میں منہاج القرآن البُستار فرینکفرٹ سے 24 دسمبر 2012 سے گیارہ جون2014 تک مجموعی طور پر 74 ہزار آٹھ سو تین یورو منتقل ہوئے جبکہ بینک اکاؤنٹ نمبر0545-05010389-10 میں سات نومبر 2012 سے چودہ جنوری 2014 تک مجموعی طور پر 97 ہزار تین سو چھبیس ڈالر منتقل ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ادارہ منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے ایف بی آرکو دستیاب شواہدکے مطابق ادارہ منہاج القرآن کے ڈائریکٹر فنانس و ڈاکٹر طاہر القادری کے قریبی ساتھی عدنان جاویدکی طرف سے لاہور میں اکیس کینال کا فارم ہاؤس خریدا گیا جس کی موجودہ قیمت پچاس لاکھ روپے کنال کے حساب سے ساڑھے دس کروڑ روپے ہے جبکہ تیرہ لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے یہ فارم ہاؤس خریدا گیا۔یہ خالی پلاٹ ہے جس کی صرف فرنٹ کی دیوار تعیمر ہوئی ہے ۔

جس پر میاں زاہد اسلام نامی شخص کا موبائل نمبر درج ہے اور یہ شخص طاہر القادری کا قریبی رشتے دار ہے ۔ایکسپریس کو دستیاب دستاویزکے مطابق جن لوگوںکیخلاف تحقیقات اور ٹیکس معاملات کی چھان بین کی گئی ان میں طاہر القادری، حسن محی الدین،محمد مُصطفیٰ ولد احمد، داؤد حُسین ولد منظور حسین، فضل حسین ،حُسین محی الدین قادری،فضل حسین ولد شاہ نواز، محمد عدنان جاوید ولد محمد جاوید، رحیق احمد عباسی ولدگُل فرید عباسی، محمد مُصطفیٰ ولداحمد، زاہد فیاض ولد فیاض حسین، فضل حسین ولد شاہ نواز، غزالہ حسن قادری ولد عبدالغفور،منظور حسین ولد غُلام رسول، جاوید اقبال ولد محمد نواز، شاہد لطیف ولد محمد لطیف،رانا جاوید مجید، حافظ شیخ امین الدین، محمد سلیم ولد محمد نذیر، محمد احمد،تنویر احمد صدیقی ولد سعید احمد صدیقی اور محمد طاہر عرفان ولد غُلام مصطفیٰ بدرشامل ہیں ۔
Load Next Story