رحیم یار خان: کچے کے ڈاکوؤں سے دو مغوی شہری بازیاب
نامعلوم مسلح ملزمان نے ضمیر اور رمضان کو چند روز قبل اغوا کیا تھا
لاہور:
پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن میں دو مغوی شہریوں کو بازیاب کرالیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں تھانہ احمد پور لمہ پولیس نے کچہ کرمنلز کے خلاف آپریشن کیا، اس دوران دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد ملزمان مغوی شہریوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
نامعلوم مسلح ملزمان نے ضمیر اور رمضان نامی شہریوں کو چند روز قبل اغوا کر کے کچہ منتقل کیا تھا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرانے پر ڈی پی او عرفان علی سموں اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔