واسا نے دو لاکھ واٹر میٹرز سالانہ بجٹ شامل کرنے کیلئے سمری بھجوا دی
واسا نے دو لاکھ واٹر میٹرز سالانہ بجٹ شامل کرنے کیلئے سمری بھجوا دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں واسا لاہور کے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم نے رپورٹ جمع کرا دی۔
رپورٹ کے مطابق دو لاکھ واٹر میٹرز سالانہ بجٹ میں شامل کرنے کے لیے سمری بھجوا دی گئی ہے جبکہ ایک ہزار واٹر میٹرز واسا اپنے وسائل سے خریدے گا۔
واسا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24.2 ملین گیلن بارشی پانی کی اسٹوریج کے حامل واٹر ٹینک تعمیر کیے جائیں گے، جن کے ذریعے بارشی پانی کو استعمال میں لایا جائے گا۔ ان واٹر ٹینکس کی مدد سے زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے اور سیوریج سسٹم پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ لاہور میں اس وقت 8 لاکھ 12 ہزار 537 پانی کے کنکشنز موجود ہیں اور پانی کے بل سلیب سسٹم کے تحت جاری کیے جاتے ہیں، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے سمری بھی وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی گئی ہے۔