لاہور: مویشی منڈی سے قربانی کے بکرے رکشے میں لوڈ کر کے فرار ہونے والا ملزم گرفتار

گزشتہ 7 روز میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے 59 مویشی چوروں کو گرفتار کیا گیا

لاہور:

پنجاب پولیس نے مویشی منڈی سے قربانی کے بکرے رکشے میں لوڈ کر کے فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ہیئر پولیس نے ملزم صابر کو قربانی کے بکروں اور رکشہ سمیت گرفتار کیا، پولیس نے شہری فرخ کی مدعیت میں نا معلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ 7 روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں 59 مویشی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 168 چوری شدہ مویشی برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردیے گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق برآمد شدہ مویشیوں میں 23 گائے، 124 بکرے، 21 دیگر جانور شامل ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر کی 230 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 4000 پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈولفن اسکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ سمیت 284 پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف پٹرولنگ میں مصروف ہیں۔

Load Next Story