173 ماتحت عدالتیں کرایے کی جگہوں پر قائم کرنے کا فیصلہ

ہائیکورٹ نے جگہ کرایے پر حاصل کرنیکی تجویز دی، محکمہ خزانہ نے ہر عدالت کیلیے ایک لاکھ روپے سالانہ کرایہ منظورکرلیا

بجٹ میں کرایے کی رقم مختص،کراچی کے5اضلاع اور سندھ کے 8 ضلعوں میں58ججزاور672 عدالتی عملے کااشتہارجاری،سندھ میں 446ماتحت عدالتیں کام کررہی ہیں۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ شہر میں نئی عدالتوں کے قیام کیلیے زمین تلاش کرنے میں ناکام ہوگئی لہذا عدالت عالیہ نے عدالتوں کیلیے کرایے پر جگہ حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور مقدمات کے دبائو کی وجہ سے نئی عدالتوں کے قیام کیلیے سندھ ہائی کورٹ کرایے پر جگہ حاصل کرے گی، صوبائی محکمہ خزانہ نے فی عدالت ایک لاکھ روپے سالانہ کرایہ پر جگہ حاصل کرنے کی اصولی منظوری دیدی ہے، حکومت سندھ نے ہائیکورٹ کی سفارش پر کراچی سمیت سندھ بھر میں 173نئی ماتحت عدالتیں قائم کرنے کی منطوری دی تھی، ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبائی وزارت قانون کوسندھ میں نئی ماتحت عدالتیں قائم کرنے کیلیے باقاعدہ سفارشات بھیجی گئیں جس میں کراچی کی ماتحت عدالتوں کی تعداد دگنی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔


محکمہ ریونیو سندھ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی 52 ہزار ایکڑ اراضی پر سرکاری ادارے اور لینڈ مافیا قابض ہیں مگر انصاف کی فراہمی کیلیے نئی عدالتوں کیلیے جگہوں کا انتظام حکومت کیلیے امتحان بن گیا اور سندھ حکومت نئی عدالتوں کیلیے اراضی فراہم کرنے میں ناکام رہی اس صورتحال پر سندھ ہائیکورٹ نے جگہ کرائے پر حاصل کرنے کی تجویز دی تھی حکومت سندھ نے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں کرایے پر عدالتوں کی جگہ حاصل کرنے کیلیے رقم مختص کی ہے صوبائی حکومت ماتحت عدالتوں میں 3 مراحل میں اضافہ کرے گی آئندہ 3 برسوں میں ماتحت 173عدالتوں کا اضافہ کیا جائے گا پہلے مرحلے میں 730 ججز اور عدالتی عملے کی تقرری کیلیے اشتہار بھی شائع کردیا گیا ہے۔

کراچی کے 5 اضلاع سمیت 8 اضلاع میں 58 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، سینئر سول جج اور سول ججزتعینات کیے جائیں گے، نئی تقرریوں میں کراچی جنوبی میں2 ایڈیشنل سیشن جج، 3 سینئر سول جج،کراچی غربی میں 5 ایڈیشنل سیشن جج ، 10سینئر سول جج اور15سول جج،کراچی شرقی میں 6 ایڈیشنل سیشن جج، ایک سینئر سول جج، 3 سول جج، کراچی وسطی میں ایک سینئر سول جج،کراچی ملیرمیں 3 ایڈیشنل سیشن جج، 3 سول جج، حیدرآبادمیں2 ایڈیشنل سیشن جج، 2 سینئرسول جج، نوشہرو فیروز میں 2 ایڈیشنل سیشن جج اور خیرپور میں ایک ایڈیشنل سیشن جج اور672 عدالتی عملہ شامل ہے۔

3 مراحل میں مجموعی طور پر173جج تعینات کیے جائیں گے جن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی49، سینئرسول جج کی51 اورجوڈیشل مجسٹریٹس کی 73 عدالتیں شامل ہوں گی، سندھ بھر میںاس وقت446 ماتحت عدالتیں کام کررہی ہیں جن میں27 سیشن کورٹ، ایڈیشنل سیشن جج کی95 ، سینئرسول جج کی86 اورسول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹس کی238 عدالتیں شامل ہیں، سندھ ہائیکورٹ نے ماتحت عدالتوں میں اضافے کی سفارشات بڑھتی آبادی اور مقدمات کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے باعث بھیجی تھیں وکلا تنظیمیں بھی عدالتوں کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔
Load Next Story