دبئی؛ پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ملک کا نام روشن اور قوم کا سر فخر سے بلند کردیا
دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے خاتون چینی سیاح سے حسنِ سلوک اور مہمان نوازی کی روشن مثال قائم کرکے ملک و قوم کا نام روشن کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور فلک نیاز خان کو تعریفی اسناد اور انعام سے نوازا ہے۔
یہ اعزاز اس وقت دیا گیا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں فلک نیاز خان کو خاتون چینی سیاح کا استقبال ان کی مقامی زبان منڈارین میں خیرمقدمی کلمات ادا کرکے کرتے ہیں۔
ویڈیو میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور فلک خان چینی خاتون سیاح کا سامان ٹیکسی میں رکھواتے ہیں اور نہایت خوش اخلاقی سے بات چیت کرتے ہیں۔
چینی خاتون بھی اپنی مقامی زبان میں گفتگو کرتے ڈرائیور کو پاکر کافی خوش نظر آتی ہیں اور پوچھتی ہیں کہ "کیا آپ پاکستان سے ہیں؟" جس پر فلک خان نے مسکرا کر کہا "جی ہاں"۔ دونوں نے گاڑی میں بیٹھ کر ایک سیلفی بھی لی۔
كرّم معالي مطر الطاير المدير العام ورئيس مجلس المديرين في #هيئة_الطرق_و_المواصلات، السيد فلك نياز لجبّار خان، سائق مركبة أجرة تابعة لشركة كابي تاكسي، وذلك تقديراً لحسن تعامله، وتميزه في تقديم المساعدة، لسائحة من جمهورية الصين. pic.twitter.com/b407jaIU01
منزل پر پہنچنے کے بعد فلک نیاز خان نے ایک بار پھر گاڑی سے اتر کر خاتون سیاح کا سامان نکالا اور منڈارین زبان میں نہایت مہذب اور پیشہ ورانہ انداز میں خاتون کو رخصت کیا۔
دبئی کے ادارے RTA کے ڈائریکٹر جنرل اور ایگزیکٹو بورڈ کے چیئرمین نے پاکستانی ڈرائیور کو ایک خصوصی تقریب میں تعریفی سند پیش کی اور انعام بھی دیا۔
انھوں نے کہا کہ فلک خان نے دبئی میں سیاحوں کی بہترین مہمان نوازی کی عکاسی کرتے ہوئے دبئی کے عوام کے مثالی اخلاق اور خدمات کے جذبے کی نمائندگی بھی کی۔