بھارتی سپر اسٹارز کی بے حسی؛ معروف کامیڈی اداکار کا کسمپرسی میں انتقال

اداکار نے 100 سے زائد فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا

بھارت کے معروف مزاحیہ اداکار فِش وینکٹ گردے اور جگر کے عارضے کے باعث 53 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

اداکار کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے گردے کی پیوند کاری تجویز کی تھی لیکن اہل خانہ مالی وسائل کی کمی کے باعث یہ مہنگا علاج کروانے سے قاصر رہے۔

وینکٹ کی بیٹی شروانتی نے جذباتی اپیل کرتے ہوئے چرن جیوی، پون کلیان، اللو ارجن اور جونیئر این ٹی آر جیسے سپر اسٹارز سے مدد بھی مانگی تھی۔

تاہم سب کو ہنسانے والے اس اداکار کی بستر مرگ پر کسی نے مدد نہیں کی۔ یہ خبر بھی آئی تھی کہ اداکار پربھاس نے 50 لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں لیکن یہ بات جھوٹ نکلی تھی۔

بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے مشہور مزاحیہ اداکار فِش وینکٹ نے 100 سے زائد فلموں میں کام کیا تھا۔

وہ گردے اور جگر کی خرابی کے باعث کئی دنوں سے تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

اداکار فِش وینکٹ نے فلم سمماکا سرکا سے کیریئر کا آغاز کیا جو مشہور ہدایتکار داسری نارایانا راؤ کی فلم تھی۔ وہ اپنی منفرد تلنگانہ لہجے، چست مکالموں اور سادہ مگر پراثر مزاح کی وجہ سے ناظرین کے دلوں میں گھر کرگئے۔

ان کی مشہور فلموں میں کشی، بنی، ادھورس، گبر سنگھ، ڈی جے ٹلو اور سلم ڈاگ ہسبنڈ شامل ہیں۔ ان کا آخری کام نرکاسورا اور کافی ود آ کلر میں دیکھا گیا۔

وینکٹ کا تعلق حیدرآباد کے مصیرآباد علاقے سے تھا، جہاں وہ ایک غریب ماہی گیر خاندان میں پیدا ہوئے۔ صرف تیسری جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ مچھلی بیچنے کا کام کرتے تھے۔ ان کے فلمی نام "فِش" کی وجہ بھی ان کا ماضی کا پیشہ تھا۔

ان کی سادگی، خلوص اور مزاح نے فلم انڈسٹری میں ان کا ایک الگ مقام بنایا۔ ان کی وفات پر مداحوں اور فلمی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کئی اداکاروں نے سوشل میڈیا پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعائیں کیں۔

 

Load Next Story