بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کا معاملہ لٹک گیا
بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اہم اجلاس میں ایشیا کرکٹ کپ کے انعقاد کا معاملہ لٹک گیا۔
ڈھاکا میں محسن نقوی کی سربراہی میں اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارت کے راجیو شکلا نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی تاہم ایشیا کپ کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچا سکا۔
ایشیا کپ کا میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ چند روز میں اس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔
اجلاس کے بعد محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میٹنگ بہت اچھے ماحول میں ہوئی، سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاست کو کھیل میں نہیں لانا ہے۔ ایشیا کپ پر بھارتی بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری رہے گی اور امید ہے کہ جلد شیڈول پر اتفاق ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ اے سی سی اجلاس میں ایشیا کرکٹ کپ 5 سے 21 ستمبر تک دبئی اور ابوظہبی میں کروانے کی تجویز کی باقاعدہ آج منظوری دی جانی تھی۔
ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلا دیش، سری لنکا، یواے ای، عمان اور ہانگ کانگ ٹیمیں شریک ہوں گی۔
اس سے پہلے پاکستان، افغانستان اور یواے ای ٹیموں کے درمیان سہ ملکی سیریز بھی دبئی میں ہی ہونے کا امکان ہے۔