چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا عمرایوب سے رابطہ، ملاقات کیلئے مدعو کرلیا

عمرایوب نے چیف جسٹس سےکہا اگر میں اسلام آباد آپ سے ملنے آیا تو واپس نہیں جا سکوں گا گرفتار کر لیا جائے گا، ذرائع

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمرایوب سے رابطہ کرکے ملنے کے لیے بلالیا۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق ذرائع نے عمر ایوب کی جانب سے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لکھے گئے خط کے معاملے پر بتایا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی کے رہنما سے رابطہ کیا اور عمر ایوب کو جمعے کو ملنے کے لیے بلا لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ عمر ایوب نے چیف جسٹس سے اسلام آباد میں ملنے سے انکار کیا اور بتایا کہ اگر میں اسلام آباد آپ سے ملنے آیا تو واپس نہیں جا سکوں گا کیونکہ گرفتار کر لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کے انکار پر چیف جسٹس نے دوسرا آپشن پوچھا، جس پرعمر ایوب نے چیف جسٹس سے پشاور میں ملنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

مزید پڑھیں: موجودہ عدالتی طرزِ عمل جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے، عمر ایوب کا چیف جسٹس کو خط

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھا تھا اور کہا کہ موجودہ عدالتی طرز عمل پاکستان کے جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے۔

چیف جسٹس سے 6 نکاتی اصلاحاتی اقدامات پر فوری عمل درآمد کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ 9 مئی مقدمات میں انصاف کا خون ہو رہا ہے، انسداد دہشت گردی عدالتوں کی رات گئے کارروائیاں منصفانہ ٹرائل کی نفی ہیں، ملزمان کو وکیل صفائی کے حق سے محروم کرنا آئینی خلاف ورزی ہے۔

عمر ایوب خان نے کہا تھا کہ میڈیا کو مقدمات تک رسائی نہ دینا شفافیت کے تقاضوں کی خلاف ورزی ہے، عدلیہ کا کام ظلم کا ہتھیار نہیں بلکہ انصاف کی بحالی ہے، پولیس اور پراسیکیوشن کی بے ضابطگیوں کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔

Load Next Story