ماڈل ٹاؤن میں پی ٹی آئی کارکنان کی پوری ریلی گرفتار، انتہائی مطلوب ملزم بھی ہاتھ آگیا
فوٹو اسکرین گریپ فیس بک
لاہور: ماڈل ٹاون پولیس نے پی ٹی آئی کی پوری ریلی کو روک کر تمام 28 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں نکالی جانے والی پانچ اگست کی ریلی کی قیادت گجرات سے تعلق رکھنے والے رہنما ندیم بٹ کررہے تھے۔
پولیس نے ریلی کو روک کر اُس میں شریک تمام 28 افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار کیے گئے افراد میں کئی مقدمات میں نامزد مطلوب ملزم ندیم بٹ بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کارکنان کے ڈالے ، ہاِئی ایس وین اور کاریں بھی قبضہ میں لے لیں جبکہ گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی قیدیوں کی فہرست کے مطابق حراست میں لیے گئے کارکنان میں قمر رضا، سیف، مناف حنیف، احتشام، گجرات کے محمد حسین صفدر، حسن افضال، سرائے عالمگیر کے رہائشی ہارون رشید شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد افضل، محمد اعظم، داؤد، جاوید اقبال، ندیم اختر، یاسر خان، قادر، غلام عباس، غلام مصطفی، محمد علی، طارق اقبال، بلاول ، نعمان احمد، احتشام ، وسیم عباس اور وسیم ارشد شامل ہیں۔