حکومت کا خوف دیکھیں کل اڈیالہ پر 400 اہلکار آنسو گیس شیل کے ساتھ کھڑے تھے، علیمہ خان

پولیس والے خود ہمیں بتارہے تھے وہ بانی کے ساتھ کھڑے ہیں، مافیا اب اکیلے رہ گئے ہیں، ارکان اسمبلی اگلی بار آجائیں گے
Express NewsExpress News

راولپنڈی:

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ کل اڈیالہ جیل روڈ پر چار سو پولیس والے ٹیئرگیس لے کر کھڑے تھے، لوگوں کا خوف ٹیسٹ نہ کریں حکومت کا خوف ٹیسٹ کریں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کا ٹرائل چھپا کے ہورہا ہے یہ ناجائز ٹرائل ہے، ہمارے وکلاء کہتے ہیں یہ ٹرائل بنتا ہی نہیں، یہ چاہ رہے ہیں اس کیس میں بھی جلدی سے سزا دے دیں، ہمارا صرف ایک وکیل سماعت میں پیش ہوتا ہے پراسیکیوشن کے دس دس لوگ پیش ہوتے ہیں، فیئر ٹرائل میں فیملی، میڈیا اور وکلاء موجود ہوتے ہیں۔

احتجاج پر انہوں نے کہا کہ کل کراچی، لاہور، پشاور میں لوگ نکلے ہیں، ہمیں کل اڈیالہ جیل آنے سے روکا گیا، چکری انٹرچینج پر روک دیا گیا، کل اڈیالہ جیل روڈ پر چار سو پولیس والے ٹیئرگیس لے کر کھڑے تھے، لوگوں کا خوف ٹیسٹ نہ کریں حکومت کا خوف ٹیسٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس والے خود ہمیں بتارہے تھے وہ بانی کے ساتھ کھڑے ہیں، مافیا اب اکیلے رہ گئے ہیں، کوئی بات نہیں ارکان اسمبلی کل نہیں آئے دوبارہ آئیں گے، لوگ کل نکلے ہیں ہمیں خوشی ہے لوگ اپنے حق کیلئے نکلنا چاہتے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے لیڈرز کو نااہل کردیا گیا کئی ارکان کو سزا ہوئی ہے، الیکشن کمیشن کو جلدی ہے کہ سب کو نااہل کردیں، اب تو ستائیسویں اور اٹھائیسویں ترمیم بھی آرہی ہے، لوگوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں ہمیں بھی دھمکیاں آرہی ہیں۔

Load Next Story