سیاسی افراتفری حصص مارکیٹ پھر مندی کا شکار 87 ارب کا نقصان

سرمایہ کاروں کو معیشت سے متعلق خدشات لاحق، فروخت پر دباؤ، انڈیکس 293 پوائنٹس کمی سے 29 ہزار 383 پر بند

339 میں سے254 کمپنیوں کی قیمتیں گر گئیں، کاروباری حجم میں کمی، 9 کروڑ 74 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن

ملک کے سیاسی افق پر چھائے کالے بادل اسٹاک مارکیٹ پر بھی اثر انداز ہورہے ہیں، منگل کی معمولی ریکوری کے بعد بدھ کو مارکیٹ کو ایک اور جھٹکے کا سامنا کرنا پڑا۔

ملک میں جاری سیاسی افراتفری کے سبب معیشت کو بھی خدشات لاحق ہیں جس کا اظہار تاجر اور صنعت کار برادری کرچکی ہے، اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کار بھی دھرنے اور احتجاج کی سیاست کو لے کر فکر مند دکھائی دے رہے ہیں، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کے سبب بدھ کو مارکیٹ ایک بارپھر زبردست مندی کی زد میں آگئی اورکے ایس ای 100انڈیکس 29600پوائنٹس سے کم ہو 29300 پوائنٹس کی سطح پر آگیا، مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے87ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جبکہ کاروباری حجم9کروڑ حصص کی کم ترین سطح پر دیکھا گیا۔


بدھ کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارکے آغاز پر ہی مندی کا رجحان غالب آگیا، سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی بڑے پیمانے پر فروخت کے باعث مارکیٹ میں مندی کے بادل چھاگئے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 29600 ، 29500 اور 29400 پوائنٹس کی 3 نفسیاتی حدوں سے نیچے گرگیا، ٹریڈنگ کے دوران سرمائے کے انخلا نے مارکیٹ میں تیزی کے ممکنہ اثرات کو ختم کردیا جس کے بعد مارکیٹ کو سہارا نہ مل سکا اور بدھ کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 293.44 پوائنٹس کی کمی سے 29382.97 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اس طرح 197.27 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 20483.46 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 262 پوائنٹس کمی سے 21588.52 پوائنٹس پر آگیا، مندی کے سبب مارکیٹ سرمایہ 87 ارب 54 کروڑ 29 لاکھ 91 ہزار 18 روپے کی کمی سے 69 کھرب 18 ارب 14 کروڑ 33 لاکھ 34ہزار 475 روپے ہوگیا، بدھ کو کاروباری حجم میں کمی دیکھی گئی اور مارکیٹ میں 9 کروڑ 74 لاکھ 8 ہزار حصص کا کاروبار ہوا،مارکیٹ میں 339کمپنیوں کا کاروبار ہوا، صرف 64 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 254 میں کمی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story