حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی
فوٹو: فائل
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ حکومت نے اوگرا اور متعلقہ وزارتوں کی تجاویز کی روشنی میں اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اگست سے اگلے 15 روز کے لیے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے، جس کے نئی قیمت فی لیٹر 272 روپے 99 پیسے ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت اس سے قبل 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر تھی۔
حکومت نے پیڑول کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا اور فی لیٹر قیمت 264 روپے 61 پیسے برقرار رکھی ہے۔
وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت فی لیٹر 7 روپے 19 پیسے کم کرکے 178 روپے 27 پیسے مقرر کی ہے، اس سے قبل 185 روپے 46 پیسے تھی۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 8 روپے 20 پیسے کمی کردی گئی ہے اور 170 روپے 36 پیسے کے مقابلے میں فی لیٹر نئی قیمت 162 روپے 37 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔