راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال پر رپورٹ جاری

سال 2025 میں راولپنڈی کے اسپتالوں میں 42 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے

راولپنڈی:

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے ڈینگی کی صورتحال پر رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں راولپنڈی کے اسپتالوں میں 4297 مریض اسکرین ہوئے جن میں 3999 مشتبہ اور 42 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے۔ راولپنڈی میں ڈینگی سے کسی مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

مری میں 504 مریض اسکرین ہوئے جن میں سے 45 کنفرم کیسز سامنے آئے۔ مری میں 7 مریض ڈینگی کنفرم ہونے پر اسپتال میں داخل ہیں، تاہم وہاں بھی کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق جنوری 2025 سے اب تک راولپنڈی میں 41 لاکھ سے زائد گھروں کی جانچ کی گئی، جن میں 66 ہزار 311 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جبکہ مجموعی طور پر 78 ہزار 435 ڈینگی لاروا دریافت کیے گئے۔ مری میں 4 لاکھ 2 ہزار سے زائد گھر چیک کیے گئے جن میں 1795 گھروں سے لاروا ملا جبکہ مجموعی طور پر 2162 لاروا برآمد ہوئے۔

ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر راولپنڈی میں 2594 ایف آئی آر درج کی گئیں، 1139 عمارتیں سیل کی گئیں، 2867 چالان اور 40 لاکھ 88 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مری میں 50 ایف آئی آر درج ہوئیں، 193 عمارتیں سیل ہوئیں، 860 چالان اور 7 لاکھ 58 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
 

Load Next Story