کراچی میں بارش نے انتظامیہ کے دعووں کی قلعی کھول دی
شہر قائد میں چند گھنٹوں کی بارش نے ضلعی انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا، ضلع وسطی سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی بھی بند ہوگئی۔
سب سے بڑی مقامی عدالت سٹی کورٹ کے اطراف میں بارش کا پانی جمع ہونے سے وکلا اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نارتھ کراچی سیکٹر 11-بی کے قریب نالے ابل پڑے جبکہ یوپی موڑ سے پاور ہاؤس چورنگی تک روڈ پر پانی کھڑا ہوگیا۔ علامہ اقبال لائبریری اور اسلامیہ کالج کے اطراف کی سڑکیں بھی زیرآب آگئیں۔
کے ڈی اے چورنگی پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ سکشن پمپ تو موجود ہیں مگر عملہ غائب رہا۔ نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد کی شاہراہیں بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئیں۔ گولیمار چورنگی اور سینیٹری مارکیٹ میں بھی پانی کھڑا ہو گیا۔