سیلاب متاثرین کیلیے 5.8 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 5.8 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دیدی ہے جس میں سے این ڈی ایم اے کو فوری طور پر 4 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت اور ترقی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں جنوبی افریقہ میں پی این ایس سی کے جہازوں کی گرفتاری کا معاملہ زیر بحث آیا اور کمیٹی نے پی این ایس سی کو 33 کروڑ روپے کی ادائیگی کی منظوری دی۔
وزارت صنعت کو مقدمہ جلد نمٹانے اور تین ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ای سی سی نے بجلی کے ایندھن ایڈجسٹمنٹ چارجز پورے ملک میں یکساں لاگو کرنے اور وزیراعظم فین ریپلیسمنٹ پروگرام کے آغاز کے لیے دو ارب روپے کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل کے لیے 25 کروڑ روپے کی منظوری جبکہ مون سون متاثرین کے لیے 5.8 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظور کیا گیا، جس میں سے چار ارب روپے فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیاْ
راست کیو آر کوڈ پیمنٹس کے فروغ کے لیے تین سالہ اسکیم کے تحت 3.5 ارب روپے سبسڈی دینے اور نئی انرجی وہیکل پالیسی 2025 تا 2030 کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی نے چھوٹے کسانوں کے لیے رسک کوریج اسکیم منظور ہوئی جس کے ذریعے ساڑھے سات لاکھ نئے کسان باضابطہ کریڈٹ سسٹم میں شامل ہوں گے۔ کمیٹی نے گیس سیکٹر کا بھی جائزہ لیا اور وزارت پٹرولیم کو نقصانات کم کرنے اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم کے فین ریپلیسمنٹ پروگرام کا جلد اجرا کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
اجلاس میں اسٹیٹ بینک، نیکا، کمرشل بینکوں کے درمیان معاہدے کی ٹرم شیٹ کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔ ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کیلئے 25 کروڑ کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔
فنڈز اسٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل پر خرچ کئے جائیں گے اس حوالے سے باقی ماندہ رقم مرحلہ وار جاری کی جائے گی۔ راست کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگیوں کیلئے 3.5 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے یہ سبسڈی اسکیم آئندہ تین سال کیلئے جاری رکھنے کا فیصلہ ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کو اسکیم سے متعلق نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔ای سی سی نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔